بوسٹن میراتھون دھماکوں کی پہلی برسی کے موقع پر دو مشتبہ تھیلے برآمد،سینکڑوں لوگ نکال لئے گئے

جمعرات 17 اپریل 2014 06:47

بوسٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء)امریکہ کے شہر بوسٹن میں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو نکال دیا گیا جب دو بم دھماکوں کے مقام پر سے دو مشتبہ تھیلے برآمد ہوئے جن میں ٹھیک ایک سال قبل تین افراد مارے گئے تھے ۔بوسٹن محکمہ پولیس نے اپنے سرکاری ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ مشتبہ تھیلوں سے تعلق میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بم سکواڈ شہر کے میراتھون کی اختتام لائن کے علاقے میں موجود ہے جو کہ رواں سال آئندہ پیر کو ہونے جارہی ہے اور برآمد ہونیوالے سامان سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک عینی شاہد نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ایک نوجوان شخص جس کی عمر 20کی دہائی میں ہے ، نے سیاہ لباس زیب تن کررکھا تھا ، پولیس نے شمال مشرقی شہر میں سے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ۔

عینی شاہد کے مطابق مشتبہ شخص کا اصرار ہے کہ وہ میساچوسٹس کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں یونیورسٹی طالب علم ہے ، قبل ازیں بوسٹن میں 15اپریل2013ء کے میراتھون بم دھماکوں میں ہلاک اور زندہ بچ جانیوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور حملوں کے ٹھیک ایک سال پورا ہونے پر امریکی پرچم لہرایا گیا ۔