عوام کے وسائل کو تعلیم ‘صحت اور عوام کی جان ومال کی حفاظت پر ہی خرچ کریں گے‘ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،کرپشن ‘ بدانتظامی اور اقرباء پروری کامکمل خاتمہ چیلنج ہے، 10ماہ کی حکومت میں کوئی بھی کرپشن سے متعلق حکومت پر انگلی نہیں اٹھاسکتا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کارکنوں سے خطاب

جمعرات 17 اپریل 2014 06:35

تربت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ عوام کے وسائل کو تعلیم ‘صحت اور عوام کی جان ومال کی حفاظت پر ہی خرچ کریں گے ‘کرپشن ‘ بدانتظامی اور اقرباء پروری کامکمل خاتمہ ایک چیلنج ہے 10ماہ کی حکومت میں کوئی بھی کرپشن سے متعلق حکومت پر انگلی نہیں اٹھاسکتا ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ 10ماہ میں ہماری حکومت نے ثابت کردیا کہ عوامی اور عوام دوست حکومت کیاہوتی ہے ‘ 3میڈیکل کالج ‘6یونیورسٹیوں کا قیام ‘ ڈینٹل کالج سمیت سینکڑوں اسکولوں کی اپ گریڈیشن قومی کارنامے ہیں تعلیم پرتوجہ مرکوز کرکے ہم ملک اوربیرونی دنیا کامقابلہ کرسکتے ہیں ہم بلوچستان کوجہالت ‘ غربت ‘ پسماندگی ‘ بدامنی کی دلدل سے نکال کر عوام کو21ویں صدی کی ضروریات فراہم کرنا چاہتے ہیں ہم قوم کوتعلیمی ادارے دیں گے ‘ پڑھالکھا بلوچستان ہی مستقبل کے چیلنجز کامقابلہ کرے گا ‘ وزیراعلیٰ نے کہاکہ M-8گوادر تربت ہوشاپ شاہراہ کو آئندہ 10ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا جبکہ N-85 پر کام جاری ہے ‘ ایران کے ساتھ سرحدی تجارت اور مزید3امیگریشن سینٹروں کے قیام کیلئے بات چیت مثبت سمت میں جاری ہے ایران سے مزید بجلی کے حصول کیلئے کوششیں کررہے ہیں‘ دادو خضدار اور لورالائی ٹرانسمیشن لائنوں کو آئندہ ایک ماہ میں مکمل کرکے بجلی کی فراہمی شروع کی جائے گی ‘ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارا وژن پائیدار اورمستقل طورپر مسائل کا حل اور عوام کی خوشحالی کیلئے منصوبوں کا قیام ہے ‘ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسین بلوچ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی قیادت موجودہ صوبائی حکومت عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے برسرپیکارہے نیشنل پارٹی نے ثابت کردیاکہ متوسط طبقہ اور دولت کے زورپر سیاست کرنے والوں میں کتنا فرق ہے ‘ ہم عوام کے سامنے جوابدہ اور ان کی ایک ایک پیسہ ان کی فلاح وبہبود پرخرچ کریں گے ‘ تعلیم سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اساتذہ کو ہرحال میں کلاس روم میں ہونا چاہیے ‘ پارٹی ورکرکسی غیرحاضر استادکی سفارش نہ کریں ‘ اساتذہ اورطلباء اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس ذمہ داری میں خیانت نہ کریں ‘ ڈاکٹریاسین بلوچ نے کہاکہ کارکن اور عوام حوصلہ رکھیں پارٹی قیادت چیلنجز کے باوجود الجھے اورگھمبیر مسائل حل کرے گی ‘ کارکن پارٹی پروگرام کوگھرگھر پہنچائیں پارٹی کی مضبوطی سے بلوچ کی بقاء وابستہ ہے ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری اور ضلع کونسل کیچ کے چےئرمین کے عہدے کیلئے پارٹی کے نامزد امیدوار حاجی فداحسین دشتی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کارکن صبروتحمل سے پارٹی کی کارکردگی کو عوام کے سامنے لائیں نیشنل پارٹی ایک ذمہ دار قومی جماعت کی حیثیت سے وہ کام کرے گی جس کی بلوچ قوم اوربلوچستان کو ضرورت ہے نیپ کے بعد پہلی حکومت ہے جو قومی منصوبے بنارہی ہے تین میڈیکل کالجز اور 6یونیورسٹیوں کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے جو ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے بغیر کوئی اٹھانہیں سکتا ہے اوریہ اقدام بلوچستان کی تاریخ کی ہمیشہ سنہرا باب رہے گا ‘ اجلاس سے وزیراعلیٰ کے اسسٹنٹ پولیٹیکل سیکرٹری چےئرمین حلیم بلوچ ‘ مرکزی کمیٹی کے رکن محمدجان دشتی ‘ ضلعی صدر محمدطاہربلوچ ‘ تحصیل تربت کے صدر قادربخش بلوچ ‘ بی ایس اوپجارکے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری گہرام اسلم بلوچ ‘ بی ایس او پجارکے ریجنل سیکرٹری مکران ظریف زدگ ودیگر علاقائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں۔