پاکستان اور امریکی کمپنی میں ہوا سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنیکا معاہدہ

جمعرات 17 اپریل 2014 06:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء)پاکستان اور امریکی کمپنی میں متبادل ذرائع سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا معاہدہ طے پاگیا، خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 2 ہزار میگاواٹ بجلی گنے کے چھلکے سے پیدا کریں گے، ملک میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، بجلی چور شور مچارہے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق یو ایس انرجی اور متبادل توانائی بورڈ کے درمیان 50 میگاواٹ پون بجلی کے معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط کئے گئے، منصوبے پر 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی اور یہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہوا، کوئلے اور پانی سے سستی بجلی کے منصوبے شروع کردیئے ہیں، 2 ہزار میگاواٹ بجلی گنے کے چھلکے سے پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ ایک سال میں ختم نہیں ہوگا، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2500 میگاواٹ ہے، شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ملک بھر میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی چور حکومت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں، بل ادا کرنے والوں کو بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :