بھاشا ڈیم پاکستان کیلئے معاشی سنگ میل ثابت ہوگا:وزیراعظم ، یہ منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرے گا، گلگت بلتستان کی ترقی میں کردار ادا کرے گا،کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی طور پر گلگت بلتستان سکاؤٹس کا ایک دستہ تیار کیاجارہا ہے، منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر اظہار خیال

جمعہ 18 اپریل 2014 06:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کیلئے معاشی سنگ میل ثابت ہوگا۔اس امرکا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرے گا اور گلگت بلتستان کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے اس منصوبہ پر کام کرنے والے غیر ملکی مشیروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اْنہوں نے کہا وہ خود منصوبے پر پیشرفت کی نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کو بتایاگیا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی طور پر گلگت بلتستان سکاؤٹس کا ایک دستہ تیار کیاجارہا ہے۔اْنہیں بتایاگیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے بعد قراقرم ہائی وے کا سو کلومیٹر حصہ متاثر ہوگا اور ایک سو بیالیس کلومیٹر متبادلہ راستہ تیار کیاجائے گا۔

تیرہ ارب ستاسی کروڑڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کی وجہ سے پانی کی تہہ میں بیٹھ جانے والے مادوں کا بھاؤ رکنے سے تربیلا ڈیم کی مدت پینتیس سال بڑھ جائے گی۔ چار ہزار دو سو اٹھائیس متاثرہ گھرانوں کو دوبارہ آباد کرنے کیلئے تین ماڈل گاؤں تعمیر کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :