آئی پی پیز کو دی گئی رقم کی آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل کی طرف سے مئی کے آخر میں آئے گی،سینٹ میں وقفہ سوالات

جمعہ 18 اپریل 2014 06:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ آئی پی پیز کو دی گئی رقم کی آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل کی طرف سے مئی کے آخر میں آئے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کے سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیر ریاستیں وسرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ آئی پی پیز کو کل منصوبے کی لاگت کی ساری سرمایہ کاری کے پوزیشن کی بناء پر 18فیصد تھرمل ریٹ آف ریٹرن ایکویٹی عطا کی گئی،انہوں نے کہا کہ کوئی آئی پی پیز موجودہ حکومت کے دور میں نہیں آئے،بے نظیر بھٹو کے دور میں آئی پی پیز آئے تھے،جنہیں کافی منافع کمانے کی پیشکش کی گئی تھی،بعد میں ہم نے ان کے منافع کی شرح کم کی،اب اسے16 فیصد تک لانے کی تجویز ہے،وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا کہ آئی پی پیز کو دی گئی رقم کی آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل کی طرف سے مئی کے آخر میں آئے گی،وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے بتایا کہ جاپان سے اشیائے خوردونوش کی درآمد پر پابندی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے،جاپان نے ایڈامشین سے متاثرہ اشیاء کی ذمہ داری سے دنیا میں درآمد نہیں ہونے دی تاہم وزارت تحفظ خوراک سے رائے لی جاسکتی ہے۔