کراچی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ڈالر کی قیمت 98 روپے کے آس پاس رہنے کے بیان کے بعد روپے کی قدر گر گئی ،انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 96 سے بڑ ھ کر97 اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 97سے بڑھ کر99روپے سے تجاوز کر گیا

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:38

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ڈالر کی قیمت کم از کم 98 روپے کے آس پاس رہنے کے بیان کے بعد روپے کی قدر گر گئی ،انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 96روپے سے بڑ ھ کر97روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 97روپے سے بڑھ کر99روپے تجاوز کر گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر بھی نمایاں اضافے سے بالترتیب 136روپے اوراور165روپے کی سطح پر دوبارہ پہنچ گئیں ۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز امرکی ڈالر سمیت دیگر اہم غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

۔انٹر بینک میں 1.20روپے کے نمایاں اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 96.35روپے سے بڑھ کر97.50روپے اور قیمت فروخت 96.40روپے سے بڑھ کر97.60روپے پر آگئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں1.45روپے کے ریکارڈ اضافے سے روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 97.80روپے سے بڑھ کر 99.20روپے اور قیمت فروخت97.95روپے سے بڑھ کر99.40روپے ہو گیا ۔

(جاری ہے)

فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کی قدر کیا بڑھی یورو اور برطانوی پاونڈ کو بھی پر لگ گئے جمعہ کو 1.80روپے کے اضافے سے یورو کی قیمت خرید134.65روپے سے بڑھ کر 136.50روپے اور قیمت فروخت 134.95روپے سے بڑھ کر136.75روپے ہو گئی اسی طرح برطانوی پاونڈ کی قدر میں بھی 1.75روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 163.75روپے سے بڑھ کر165.50روپے اور قیمت فروخت 164روپے سے بڑھ کر165.75روپے ہو گئی ۔

جمعہ کو یو اے ای درہم اور سعودی ریال کی قدر میں بھی بالترتیب 45 پیسے اور40پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 26.80روپے سے بڑھ کر27.25روپے اور سعودی ریال کی قیمت فروخت 26.25روپے سے بڑھ کر26.65روپے ہو گئی ۔فاریکس ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے بیان کے بعد ڈالر نے جان پکڑنا شروع کر دی کیونکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈالر کی قیمت98 روپے کے آس پاس رہنا چاہیئے، جس کے بعدروپے کی قدر میں جمعہ کے روز نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ،۔

متعلقہ عنوان :