ایران جنگ نہیں چاہتا ، کسی بھی حملے کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،صدر حسن روحانی

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:28

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء)ایران کے صدر نے سالانہ فوجی پریڈ کے موقع پر کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا لیکن کسی بھی حملے کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حسن روحانی نے جمعہ کو تہران میں کہا کہ ان کا ملک کسی دوسرے ملک پر حملہ نہیں کرے گا لیکن کسی بھی "جارحیت کی مزاحمت" کرے گا۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ " ہم جنگ کے پیچھے نہیں ہیں، ہم منطق کے پیچھے ہیں اور ہم بات چیت کے پیچھے ہیں۔

اپنے سخت گیر پیش رو محمود احمدی نڑاد کے برعکس روحانی نے اس موقع کو امریکہ اور اسرائیل پر تنقید کے لیے استعمال نہیں کیا۔صدر نے اپنے ہمسایہ ممالک کو یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ ایران ان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے اور ان کے بقول "پڑوسیوں کو یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ ہماری فوج امن و استحکام کی حامی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ہونے والی پریڈ میں ایران نے اپنے فوجی سازو سامان کی نمائش بھی کی۔

اپنے انتخاب کے بعد سے روحانی مغربی ممالک کے ساتھ تہران کے متنازع جوہری پروگرام کے معاملے کے حل اور تکلیف دہ اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کا عزم دہراتے آئے ہیں۔مغرب ایران پر جوہری ہتھیار تیار کرنے کا الزام عائد کرتا رہا ہے۔ تہران ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتا آیا ہے کہ اس کی جوہری سرگرمیاں پرامن مقاصد کے لیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :