لاہور سمیت پنجاب بھر میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی،آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے 5افراد جاں بحق

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء)لاہور سمیت پنجاب بھر میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی۔آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سے5افراد جاں بحق جبکہ ٹریفک حادثات میں35 افراد زخمی ہوگئے،گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا،لاہور میں جمعہ کی سہ پہر طوفان باد و باراں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، کئی چھتیں اور درخت گرگئے اور سائن بورڈز اڑ گئے،نشیبی علاقے زیرآب،ٹریفک جام ہوگئی۔

مناواں میں چھت گرنے سے باپ بیٹی جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے،لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔شیخوپورہ جی ٹی روڈ پر بارش کے باعث مسافر بس الٹنے سے25افراد زخمی ہو گئے،جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔شہر میں موسلا دھار بارش سے چند منٹ میں ہی جل تھل ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

(جاری ہے)

کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہو گئے اور بارش کے باعث ٹریفک جام ہونے سے لوگ سڑکوں پر پھنسے رہے‘لاہور میں سہ پہر4 بجے کے قریب اچانک سیاہ بادل چھا گئے اور دن کے وقت رات کا سماں پیدا ہو گیا۔ اسکے بعد تیز آندھی چلی اور بادل برس پڑے۔ بارش اتنی تیز تھی کہ چند ہی منٹ میں جل تھل ہو گیا۔ نشیبی علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ بارش کے ساتھ شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی ژالہ باری بھی ہوئی۔

سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گئی۔ اس سے پہلے صبح نو بجے بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور میں آسمان پر صبح سے چھائے ہوئے بادل سہ پہر کو برس پڑے اور تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے شہر کی نشیبی سڑکیں اور متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا۔ بارش کے ساتھ شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ ہفتے کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔