صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کو سب سے سستی بجلی ایک روپیہ 25 پیسے کے نرخوں پر فراہم کررہا ہے،صوبہ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، زاہد خان ، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی پنجابی فلموں کے ڈائیلاگ بول رہے ہیں،ایسی صورتحال میں قوم کا پارلیمنٹ پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے، مالاکنڈ میں 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ، عوام مستقل اندھیروں میں رہ رہے ہیں،سینٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت کو سب سے سستی بجلی ایک روپیہ 25 پیسے کے نرخوں پر فراہم کررہا ہے اور صوبہ کو پھر بھی گالیاں دی جارہی ہیں،جمعہ کے روز سینٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی پنجابی فلموں کے ڈائیلاگ بول رہے ہیں کہ ٹانگیں توڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں قوم کا پارلیمنٹ پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔ مالاکنڈ میں 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور عوام مستقل اندھیروں میں رہ رہے ہیں۔ زاہد خان نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی وزیر کو بارہاء سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں بلایا ہے تاہم وہ نہیں آئے۔ اے این پی کے سینیٹر نے کہا کہ جمہوریت کے ذریعے آمریت کو نہیں چلایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ملک اور جمہوریت کو چلانے کیلئے جمہوری و اخلاقی رویوں کو بدلنا ہوگا۔

سینیٹر زاہد خان نے مسلم لیگ (ن) کو اس سارے عمل کا نوٹس لے کر کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں صوبہ خیبر پختونخواہ میں فیڈر بند کرکے عوامی مسائل میں مزید فیصلہ کیا جارہا ہے جوکہ نہ صرف غیرقانونی بلکہ غیر اخلاقی ہے۔ سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کے امتیازی سلوک کے باعث شدید تحفظات پیدا ہورہے ہیں۔