کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر پولیس اہلکار نے چینی انجینئر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، انجینئرز نے کام چھوڑ دیا

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء)کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر پولیس اہلکار نے چینی انجینئر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے خلاف چین سے تعلق رکھنے والے دیگر انجینئرز نے کام چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی کے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر چینی انجینئر انجنوں کی مرمت کررہے تھے کہ اس دوران ایک پولیس اہلکار شدید گرمی کے باعث ایئرکنڈیشن والے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم چینی انجینئر کی جانب سے اہلکار کو روکنے کی کوشش کی گئی اور دونوں میں تلخ کلامی شروع ہوگئی جس پر پولیس اہلکار نے انجینئر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

واقعے کے خلاف ریلوے اسٹیشن پر چین سے تعلق رکھنے والے تمام انجینئرز نے کام چھوڑ دیا۔ایس ایس پی ریلوے روبن یامین کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے اہلکار کو حراست میں لے کر معطل کردیا گیا تاہم پولیس کی جانب سے کینٹ ریلوے پولیس اسٹیشن کا مرکزی دروازہ بند کردیا گیا اور میڈیا سمیت کسی بھی شخص کو تھانے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

متعلقہ عنوان :