سعید اجمل کو پی سی بی نے انگلش کاؤنٹی کیلئے کلئیر نس دیدی ، اجمل کو این او سی جاری کردیا ، چاہتے ہیں کہ وہ وسط جولائی میں واپس آ جائیں تاکہ ٹیم کے دورہ سری لنکا کا وہ حصہ بن سکیں، سبحان احمد ، انگلش سیزن میں کھیلنے کا عادی ہوں لیکن جب پی سی بی چاہے گا میرا قومی فرض ہے ٹیم کے ساتھ واپس آؤں، سعید اجمل

ہفتہ 19 اپریل 2014 07:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔ 2014ء)سٹار آف سپنر سعید اجمل کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلش سیزن میں وو رسسٹر شائر کے ساتھ ٹی 20 کرکٹ کھیلنے کے لئے کلیرنس دیدی ہے ۔36سالہ اجمل کی روانگی اس وقت روک دی گئی تھی جب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) جولائی اگست میں پاکستان کے دورہ سری لنکا کی تصدیق کے بعد معاملے پر بات چیت کی ۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بتایا کہ ہم نے سعید اجمل کو این او سی جاری کردیا ہے ، تاہم ہم چاہتے ہیں کہ وہ وسط جولائی میں واپس آ جائیں تاکہ ٹیم کے دورہ سری لنکا کا وہ حصہ بن سکیں.

پاکستان دورہ سری لنکا میں دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گا جسے دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر حال ہی میں حتمی شکل دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اجمل کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے کے اوائل تک روانہ ہو جائینگے اور وار سسٹر شائر کے 27اپریل کے ڈربی شائر کے خلاف ہوم میچ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ انگلش سیزن میں کھیلنے کا عادی ہوں لیکن جب پی سی بی چاہے گا میرا قومی فرض ہے کہ میں ٹیم میں واپس آؤں ۔جدید دور کے بہترین سپنرز میں سے ایک کے طور پر جانے جانیوالے اجمل اب تک 33ٹیسٹ، 110ایک روزہ انٹرنیشنل اور63ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے چکے ہیں ۔انہوں نے 2012ء میں متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف 24وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کواس وقت کی ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم کو سیریز میں 3-0سے ہرانے میں مدد دی تھی ۔

متعلقہ عنوان :