وزیراعلیٰ پنجاب نے ایکسپو سینٹر میں دوسری لاہور انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو 2014ء کا افتتاح کردیا ،غیر ملکی وفود کی بھی شرکت، انتہاپسندی کے ناسور کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل طے نہیں کر سکتا:شہبازشریف،پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کیلئے ایک خاص مقام رکھتا ہے، سیاحت کو فروغ دیکر پاکستان کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کو زائل کیا جا سکتا ہے،حکومت مشترکہ بصیرت اور اجتماعی سوچ کے ساتھ انتہا پسندی کے ناسور کو شکست دے گی، لاہورانٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو کی تقریب سے خطاب،پاکستان خصوصاً پنجاب محفوظ مقامات ہیں،ایرانی قونصل جنرل ،لاہور میں تھیم پارک کے منصوبے پر کام کررہے ہیں :رانا مشہود

اتوار 20 اپریل 2014 07:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتہاپسندی کے ناسور کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل طے نہیں کر سکتا۔ انتہاپسندی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت انتظامی اور سماجی و معاشی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک میں سیاحت کو فروغ دے کر پاکستان کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کو زائل کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ایکسپوسینٹر لاہور میں دوسری لاہور انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو 2014ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں خیبر پختونخواہ،بلوچستان،آزاد کشمیر،ترکی، نیپال،برطانیہ اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں اور وفود نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ٹورازم ایکسپو میں شرکت کرنیوالے غیر ملکی وفود کو سوونےئر بھی دےئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں دوسری انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے اور ٹورازم ایکسپو سیاحت کے فروغ میں ممدو معاون ثابت ہوگی۔ پنجاب، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان اورسندھ میں قابل دید سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے اور پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سیاحتی مقامات پر بہترین سہولتیں فراہم کرکے انہیں بہتر انداز میں ڈویلپ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح پاکستان کا رخ کریں اور کثیرزرمبادلہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کیلئے سیاحت اہم ذریعہ ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو انتہاپسندی کا سامنا ہے اور یہ ناسورراتوں رات نہیں آیا اور نہ ہی راتوں رات جائے گا تاہم حکومت مشترکہ بصیرت اور اجتماعی سوچ کے ساتھ اس ناسور کو شکست دے گی اوراس ضمن میں حکومت نے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے ،انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے انتظامی اقدامات کے ساتھ سماجی و معاشی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتہا پسندی کے ناسور کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے دور رکھنے کے لیے مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہوگااور اس ضمن میں انہیں روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت بھر پور اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں تاہم اس ضمن میں ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

یورپ اورہمسایہ ممالک سے لاہور اور پنجاب میں آنے والے وفودیہاں فراہم کردہ سہولتوں سے متاثر ہے اورمیں سمجھتا ہوں کہ غیر ملکی وفودکی اس ایکسپو میں آمداس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔وزیراعلیٰ نے ٹورازم ایکسپو میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں مری جیسے تفریحی مقام کے حسن کو تباہ کیا گیااوربدقسمتی سے اس پرفضا مقام پر عمارات کی بے ہنگم تعمیر کی گئی جس کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم و سیاحت رانا مشہود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں لاہور میں ایک تھیم پارک کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے جو اسی سال پیش کی جائے گی۔

ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بن اسدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب ہر طرح سے محفوظ مقامات ہیں اور میں خود عرصہ تین برس سے یہاں رہ رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحت کے شعبے میں فروغ دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔تقریب سے سیکرٹری سیاحت نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں دوسری لاہور انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو کا افتتاح کیا اور ٹورازم کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔