تحفظ پاکستان آرڈیننس کا مقصد دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے،احسن اقبال ، روپے کی قدر میں استحکام شرح نمو میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی درحقیقت موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی

اتوار 20 اپریل 2014 06:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں استحکام شرح نمو میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی درحقیقت موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، تحفظ پاکستان آرڈیننس کا مقصد دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے اگر اس کا کہیں غلط استعمال ہوا تو کارروائی کی جائے۔

وہ گزشتہ روزلاہور میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ایک نیا معاشی انقلاب پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے ایسے ماحول میں بعض مسترد شدہ سیاست دانوں کی طرف سے محاذ آرائی کی سیاست قابل مذمت ہے جو اپنے منفی بیانات کے ذریعے اداروں کے درمیان ناخوشگوار ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں ،میڈیا اور عوام کو ایسے افراد کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو درست سمت پر گامزن کر دیا گیا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں پراجیکٹ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے جن سے استفادہ کرنے کیلئے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینا ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو جمہوری نظام کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام شرح نمو میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی درحقیقت موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ احسن اقبال نے اداروں میں موزوں اور قابل افراد کی تعیناتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اداروں میں میرٹ کا بول بالا کرنا اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سیمینار سے پراجیکٹ مینجمنٹ کے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اورادارے کے مختلف شعبہ جات اور پروگرامات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :