وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی خاص ایلیٹ فورس کی تربیت کے لئے ترک ماہرین کی خدمات حاصل کرلیں ،شہباز شریف جرنیلوں کے حوالے سے بھی ترکی کی پالیسیوں پر عمل کر سکتے ہیں ۔ ذرائع

پیر 21 اپریل 2014 07:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل ۔2014ء)پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اپنے تمام تر خوابوں کی تعبیر کے لئے ترکی کے راستے کا بھر پور انتخاب کر لیا ہے وہ نہ صرف میٹرو بس سمیت دوسرے بڑے منصوبے ترکی کے انداز میں کرنے میں لگے ہوئے ہیں بلکہ انہوں نے اپنی خاص ایلیٹ فورس کو تربیت کے لئے بھی ترکی کے ماہرین کی خدمات حاصل کرلی ہیں جبکہ مبصرین کا کہنا ہے کہ شہباز شریف جرنیلوں کے حوالے سے بھی ترکی کی پالیسیوں پر عمل کر سکتے ہیں ۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیراعلی نے ترکی کے انٹیلی جنس ادارے کے 11 افسران کی خدمات حاصل کی ہیں جو قربان پولیس لائن میں مقیم ہیں اور انہوں نے ایلیٹ فورس کوتربیت دینے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور ان کا تربیت یافتہ پہلا دستہ اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا جو وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے قریبی ساتھیوں کی حفاظت پر مامور کئے جانے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شریف برادران کو ماضی میں اپنی حکومت کے خلاف بغاوت کا تجربہ ہو چکا ہے اور ان کا یہ اقدام کسی بھی ماضی جیسی کارروائی کو روکنے کے لئے ہے جس کے لئے وہ اپنی حفاظت پر خاص لوگوں کو مامور کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق یہ ماہرین اس فورس کو انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرنے کے ساتھ ساتھ جدید عسکری تربیت دے رہے ہیں تا کہ انہیں کسی بھی مقصد کے لئے استعمال کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جو پہلا دستہ تعینات کیا گیا ہے اس کے ذمہ بھی یہ سرگرمیاں لگائی گئی ہیں وہ ان انٹیلی جنس اطلاعات پر نظر رکھیں جو حکومت کے خلاف ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ دہشت گردوں سمیت کسی بھی تربیت یافتہ قوت کی طرف سے حکومت کے خلاف کارروائی پر اس کا دفاع کریں گے ۔واضح رہے کہ ترکی میں عبد اللہ گل اور طیب اردگان کی حکومت نے ان جرنیلوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جو ماضی میں ناقابل تسخیر سمجھے جاتے تھے اور ترکی سے اس قسم کے تعلقات کے فروغ کو مبصرین خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔