غریب آدمی کو صاف پانی سے محروم رکھنا کسی جرم سے کم نہیں،صاف پانی پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیربرداشت نہیں کروں گا،شہبازشریف ،صاف پانی پراجیکٹ ،وزیراعلیٰ نا اہلی، غفلت اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل پر شدید برہم ،متعلقہ حکام پر برس پڑے،منصوبے کے حوالے سے غریب عوام کے اڑھائی ماہ بے مقصد ضائع کرنیوالوں کو حساب دینا ہوگا،پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،دفتروں میں منرل واٹر پینے والوں نے غریب عوام کے منصوبے کے حوالے سے بے حسی کا ثبوت دیا ہے، آپ کو اللہ تعالیٰ کا خوف ہے اورنہ ہی عوام کی خدمت کا احساس،اب پنجاب صاف پانی کمپنی منصوبے کو آگے بڑھائے گی،وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب ،سیکرٹری ہاؤسنگ و پبلک ہیلتھ کو او ایس ڈی بنانے کا حکم

منگل 22 اپریل 2014 06:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مفادعامہ کے اہم منصوبے صاف پانی پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیرکسی صورت قابل برداشت نہیں ۔صوبے کے غریب عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا میری کمٹمنٹ ہے اور اس منصوبے میں غریب عوام کے اڑھائی ماہ بے مقصد ضائع کرنیوالوں کو حساب دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر سست روی سے پیشرفت پر نیسپاک ، محکمہ ہاوٴسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کے اعلی حکام کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اللہ تعالیٰ کا خوف ہے اورنہ ہی عوام کی خدمت کا احساس- وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو فی الفور او ایس ڈی بنانے کا حکم بھی دیا،وہ یہاں صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔ غریب آدمی کو صاف پانی سے محروم رکھنا کسی جرم سے کم نہیں ۔دفتروں میں منرل واٹر پینے والوں نے غریب عوام کے منصوبے کے حوالے سے بے حسی کا ثبوت دیا ہے۔صاف پانی پراجیکٹ میں تاخیر کے ذمہ داروں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے - صاف پانی پراجیکٹ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس منصوبے کو فرض شناسی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہوکر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صاف پانی پراجیکٹ پر عملدر آمد کے لیے پنجاب صاف پانی کمپنی تشکیل دی گئی ہے اوراب یہی کمپنی منصوبے کو آگے بڑھائے گی۔ صاف پانی پراجیکٹ کے لیے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ میں اسے سود مند سرمایہ کاری سمجھتا ہوں،ایسی سرمایہ کاری جو صحت کی ضامن ہے- اس منصوبے پر ہم 12ارب روپے خرچ کررہے ہیں ۔ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :