اس نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کرسی بھی چھوڑنی پڑے تو چھوڑدونگا ،پرویزخٹک،ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں، اللہ اور عوام سے وعدہ ہے اس نظام کو بہت جلد درست کرینگے ،صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے مختلف اعتراضات کے بعد جواب

منگل 22 اپریل 2014 06:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہاہے کہ اس نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کرسی بھی چھوڑنی پڑے تو چھوڑدونگا لیکن اس نظام کو تبدیل کرکے رہونگاہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں اللہ اور عوام سے وعدہ ہے کہ اس نظام کو بہت جلد درست کرینگے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے مختلف اعتراضات کے بعد جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپوزیشن کو پتہ ہی نہیں کہ تبدیلی کیاہے یہ نظام چوروں اور ڈاکوؤں پرمشتمل ہے لوگ اس نظام سے تنگ آگئے ہیں جوعمارتیں اورسڑکیں بنائی جاتی ہیں ایک سال بعد وہ کھنڈرات میں تبدیل ہوجاتی ہیں اگر ہم تبدیلی لے آئے تو اس صوبے کے عوام ہمیں دوبارہ منتخب کرینگے ورنہ ہمارا حشر بھی موجودہ اپوزیشن کی طرح ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کا حصہ رہتے ہوئے میں نے حالات غور سے دیکھے کہ کرپشن کس طرح ہوتی ہے میں نے کبھی بھی حرام نہیں کھایا‘ اب صوبے میں پانچ فیصدکرپشن بھی باقی نہیں رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پرویزخٹک نے کہاکہ یہ ملک ہمارا ہے کسی بھی صورت لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی اب ہم بتائیں گے کہ سڑکیں اور عمارتیں کس طرح بنتی ہیں سرکاری عمارتوں کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات لی گئی ہیں یکساں نظام تعلیم لارہے ہیں اپوزیشن ہماراساتھ مل کر اس نظام کوتبدیل کریں انہوں نے کہاکہ کس طرح کا انصاف ہے کہ یہاں غریب سے تھانوں میں رشوت لی جاتی تھی سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے نام پرکمیشن لی جاتی تھی ہم اس نظام کو جڑسے اکھاڑدینگے اگر میراکوئی وزیر چوری کرتا ہے اورکسی کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے یہ نظام جب تک ٹھیک نہیں ہوگاتوکچھ بھی ٹھیک ہوناناممکن ہے انہوں نے کہاکہ یہ ملک صرف سرمایہ کاروں، بیوروکریٹس اور سیاستدانوں کا نہیں ہے جنہوں نے اپنے قلیل آمدنی اور تنخواہ میں دس دس بنگلے بنائے ہیں اس نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہم نے آج تک کسی بھی حلقے کا فنڈدوسرے حلقے میں استعمال نہیں کیا پولیوکے خاتمے کیلئے صحت کاانصاف شروع کیا جس کی فنڈنگ صوبائی حکومت نہیں بلکہ یونیسف اور ڈبلیوایچ اوکررہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کاشکار نہ ہو،صحت کے انصاف کیلئے تمام فنڈڈبلیو ایچ او اور یونیسف فراہم کرتی ہے قبل ازیں صوبے کے مختلف علاقوں کو نظرانداز کرنے کے حوالے سے ن لیگ کے رشاد خان ،جے یوآئی کے مولاناعصمت اللہ ،مفتی فضل غفوراوردیگراپوزیشن اراکین نے کہاکہ حکومت نے اپوزیشن اراکین کو دیوار سے لگارکھاہے صحت کی صورتحال شانگلہ،بونیراورکوہستان میں ابتر ہے لوکل گورنمنٹ فنڈصرف حکومت نے اپنی ہی حلقوں میں تقسیم کیاہے اپوزیشن نے بتایاکہ جس تبدیلی کے نام پر ووٹ لیاگیاہے وہ تبدیلی تاحال دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔