آئی پی ایل اسکینڈل‘ روی شاستری تحقیقاتی پینل کے سربراہ نامزد،کمیٹی کی منظوری سپریم کورٹ دے گی ، بھارتی بورڈ کی ہنگامی میٹنگ میں فیصلہ

منگل 22 اپریل 2014 06:44

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء)بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی نے آئی پی ایل کرپشن کیس کی تحقیقات کیلئے تین رکنی پینل تشکیل دے دیا، سابق آل راؤنڈر روی شاستری بھی اس میں شامل ہیں۔سی بی آئی کے سابق سربراہ آر رگھووان اور کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل کو بھی حصہ بنایا گیا ہے، ان ناموں کو منظوری کیلئے آ ج منگل کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے اپنی گذشتہ سماعت پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی تھی کہ وہ خود انڈین پریمیئر لیگ میں ہونیوالی کرپشن کی تحقیقات کیلئے اپنی کمیٹی تشکیل دے۔اسی مقصد کیلئے گذشتہ روز ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں ورکنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں تین رکنی تحقیقاتی پینل کی تشکیل ہوئی جس میں سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کے سابق سربراہم آر کے رگھووان، کولکتہ ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل کیساتھ بھارت کے سابق آل راؤنڈر روی شاستری بھی شامل ہیں، اب اس کمیٹی کو منظوری کیلئے سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا، ان افراد کے نام میٹنگ میں شریک کئی آفیشلز نے ظاہر کیے ہیں تاہم بورڈ سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے سامنے چند نام پیش کرنیوالے ہیں مگر ابھی ان کو ظاہر نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں روی شاستری اور جے این پٹیل کے ناموں پر تو سب متفق تھے تاہم بورڈ کے سابق صدر شیشانک منوہر نے سابق کرکٹرروسی شاستری کی مخالفت کی مگر کسی اور نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ شیشانک اکتوبر 2011 میں بورڈ کی صدارت سری نواسن کو سونپنے کے بعد پہلی مرتبہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ائے ہیں انھوں نے وداربھا کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی جبکہ اس کے موجودہ صدر قریبی کمرے میں بیٹھے رہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تحقیقاتی پینل کیلئے پانچ ناموں پر غور کیا گیا تھا جن میں لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چیٹرجی بھی شامل تھے مگر ان کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا۔

متعلقہ عنوان :