پاکستان کا حتف 3 بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ، میزائل ایٹمی و روایتی ہتھیاروں کے ساتھ 290 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، صدر ،وزیراعظم کی پاک فوج کے سائنسدانوں ، انجینئرز، جوانوں سمیت پوری قوم کو مبارکباد ،میزائل لانچنگ تقریب میں” نعرہ تکبیر اللہ اکبر“کے فلک شگاف نعرے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام ، سائنسدانوں و انجینئرز نے شرکت کی ،پاک فوج کے افسران اور جوان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، جنرل راشد محمود ، ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائینگی اور اس سلسلے میں ہر قسم کے اقدامات اور انجینئرز اور سائنسدانوں کوتمام سہولیات فراہم کی جائینگی، وزیراعظم نواز شریف

بدھ 23 اپریل 2014 08:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء) پاکستان نے حتف 3 غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ، میزائل ایٹمی اور روایتی ہتھیاروں کے ساتھ 290 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، کامیاب میزائل تجربے پر صدر ، وزیراعظم نے پاک فوج کے سائنسدانوں ، جوانوں ،انجینئرز اور پوری قوم کو مبارکباد دی، میزائل لانچنگ تقریب میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بلند ہوئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو کئے گئے کامیاب تجربے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بھی شرکت کی ۔ حتف تھری غزنوی میزائل 290 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے میزائل ہر قسم کے روایتی اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے میزائل کی لانچنگ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے میزائل کا مشاہدہ کیا اور کامیاب تجربہ پر عسکری حکام ، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور فوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھے گی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک فوج کے انجینئرز ، سائنس دانوں ، جوانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائینگی اور اس سلسلے میں ہر قسم کے اقدامات اور انجینئرز اور سائنسدانوں کوتمام سہولیات فراہم کی جائینگی ۔