یوکرائن میں کشیدگی میں کمی کے لیے روس ٹھوس اقدامات کرے، امریکا، ماسکو جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کا پاس کرے، جان کیری

بدھ 23 اپریل 2014 08:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائن میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کا پاس کرے۔ جنیوامیں طے پانے والے معاہدے میں یوکرائن میں تمام غیرقانونی مسلح گروہوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور سرکاری عمارات پر قبضہ ختم کریں۔

اس بحران کو سردجنگ کے بعد واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان سب سے تلخ صورتحال قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم کیف اور ماسکو حکومتیں ایک دوسرے پر اس معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے بتایا کہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر بات چیت میں زور دیا کہ ماسکو حکومت عوامی سطح پر یوکرائن میں سرگرم علیحدگی پسندوں سے کہے کہ وہ سرکاری عمارتوں اور سکیورٹی چیک پوسٹوں پر اپنا قبضہ ختم کریں۔

(جاری ہے)

کیری نے لاوروف سے یہ بھی کہا کہ ماسکو مشرقی یوکرائن میں روس نواز علیحدگی پسندوں پر زور دے کہ وہ کیف حکومت کی جانب سے عام معافی کے اعلان کو قبول کریں اور اپنے مسائل کا حل سیاسی طور پر نکالیں۔جین ساکی کا مزید کہنا تھا کہ جان کیری نے لاوروف سے کہا کہ ماسکو حکومت یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم OSCE کے یوکرائن مشن کے لیے کوئی اعلیٰ سفارت کار تعینات کرے، تاکہ علیحدگی پسندوں پر واضح ہو کہ روس جنیوا معاہدے کا احترام کرتا ہے اور کشیدگی میں کمی چاہتا ہے۔

”کیری نے روس سے یہ بھی کہا کہ مشرقی یوکرائن میں صحافیوں اور عام شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کی مذمت کی جانا چاہیے۔ادھر امریکی صدر باراک اوباما نے خبردار کیا ہے کہ اگر ماسکو حکومت نے جنیوا معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا، تو امریکا روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ خیال رہے کہ امریکا اور یورپی یونین نے روسی صدر پوٹن کے چند قریبی رفقاء کے خلاف پہلے ہی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔وائٹ ہاوٴس کے پریس سیکرٹری جے کارنی نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے اگلے چند روز میں جنیوا معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا، تو روس کو مزید قیمت ادا کرنا پڑے گی، تاہم کارنی نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ آیا امریکا ایسی صورت میں روس کے خلاف کیا اقدامات کرنے والا ہے۔