شمالی کوریا چوتھے میزائل ٹیسٹ کی تیاری کررہا ہے،جنوبی کوریا کا دعوی

بدھ 23 اپریل 2014 08:08

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء)جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے چوتھے میزائل ٹیسٹ کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے ، یہ بات اس نے شمالی کوریا کے تجربے کے مقام پر سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتائی۔ترجمان وزارت کم من سیئوک نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہماری فوج نے پنگی ری کے جوہری تجربہ کے مقام اور نواح میں متعدد نئی سرگرمیوں کا سراغ لگایا ہے ۔

(جاری ہے)

کم نے کہا کہ ہم ممکنات بارے غور کررہے ہیں آیا شمالی کوریا سرپرائز نیوکلیئر ٹیسٹ کرے گا یا صرف جوہری دھماکہ اس کا مقصد ہے ، اس نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے پیانگ یانگ کے زیر زمین دھماکہ کرنے کو کنٹرول کرنے کے لئے سپیشل ٹاسک فورس قائم کرلی ہے۔امریکی صدر اوبامہ بھی اس وجہ سے جمعہ کو دو روزہ دورے پر جنوبی کوریا آرہے ہیں اور وسیع پیمانے پر قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ شمالی کوریا اس دورے کے موقع پر اشتعال انگیزی کرے گا ۔

کم نے اس بات پر زوردیا کہ شمالی کوریا کا جوہری ہتھیاروں کاپروگرام اس سٹیج پر ہے کہ وہ کسی بھی وقت ٹیسٹ کرسکتا ہے ، ایک بار تو پیانگ یانگ میں حکمرانوں نے حکم دے دیا تھا ۔شمالی کوریا اب تک 2006ء ،2009ء اور 2013ء میں تین جوہری ٹیسٹ کرچکا ہے۔