پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ اعلیٰ افسران کا ایک اہم آپریشنل بیس کا دورہ، پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی افواج میں شامل ہے،ایئر چیف کا خطاب

بدھ 23 اپریل 2014 08:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء)پاک فضائیہ نے اپنے ریٹائرڈاعلیٰ افسران کے لئے پی اے ایف کے اہم آپریشنل بیس کے دورے کا انتظام کیا۔ اس دورے کا مقصدشرکا کو پاک فضائیہ کی تکنیکی ترقی کے بارے میں آگاہ کر نا تھا۔جو پاک فضائیہ نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک اپنے ملک کے لیے حاصل کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

پاک فضائیہ کی سابقہ قیادت نے F-16 Block52اور F-16 A/B MLUطیاروں کا معائنہ کیا۔ریٹائرڈ اعلیٰ افسران جدید اور مہلک ہتھیاروں کے نظام کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ بیس کمانڈر ائیر کموڈور احمر شہزاد لغاری نے مہمان افسران کو بیس کے جارحانہ اور دفاعی کردار پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی حکمتِ عملی کے مطابق ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے حال ہی میں حاصل کی گئی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی حکمتِ عملی کو غوروخوص کے بعد بہتر بنایا ہے۔اور اسکو ملکی اور بین الاقوامی فضائی مشقوں میں استعمال کیا ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے اپنی سابقہ قیادت کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی سابقہ قیادت کی دوررس سوچ اور کاوش کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جسکی بدولت آج پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی افواج میں شامل ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :