صدرکو 2سے 5جون کے درمیان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی تجویز ،بجٹ اجلاس 7جون کو منعقد کرنیکی تجویز بھی حکومت کو دیدی گئی،اپوزیشن نے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کیلئے صلاح مشورے شروع کر دیئے

جمعرات 24 اپریل 2014 07:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے صدر ممنون حسین کو دو سے پانچ جون کے درمیان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کی تجویز دے دی جبکہ وزارت خزانہ کو سات جون کو بجٹ پیش کرنے کرنے کی تجویز دیدی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صدر کو تجویز بھجوائی ہے کہ وہ دو سے پانچ جون کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرلیں جس سے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے یہ پہلا خطاب ہوگا جبکہ وزارت خزانہ کو سات جون کو بجٹ پیش کرنے کی تجویز دی ہے تاہم بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مشاورت کرکے حتمی تاریخ کا کا تعین کرینگے ۔ ذرائع کے مطابق سینٹ میں اپوزیشن نے صدارتی خطاب کے موقع پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم کے سینٹ میں نہ آنے کے حوالے سے احتجاج کرنے پر بھی غور اور صلاح مشورہ کیا جا رہا ہے ۔