”آئینہ دکھایا تو برا مان گئے“، وزیر مذہبی امور اوربیوروکریٹس میں جاری سردجنگ بڑھ گئی،سیکرٹری سمیت کئی افسران سردار یوسف کو بائی پاس کرنے لگ گئے، پراپیگنڈہ بھی شروع کردیا، سردار یوسف نے کرپشن کے خلاف کمر کس لی ،معاملہ وزیراعظم کے علم میں لانے کا فیصلہ، ڈائریکٹر جنرل حج کی تعیناتی، متروکہ وقف املاک بورڈ میں کرپشن ، پرائیویٹ کمپنیوں میں حج کوٹہ کی تقسیم سمیت کئی معاملات پر بیوروکریسی وفاقی وزیر کو مطمئن نہ کرسکی، ڈائریکٹر جنرل حج کی تعیناتی کے حوالے سے بھی وفاقی وزیر کو بائی پاس کیاگیاہے ڈائریکٹ سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوائی گئی ، سیکرٹریٹ نے سمری واپس بھجوادی، ذرائع

جمعرات 24 اپریل 2014 07:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)”آئینہ دکھایا تو برا مان گئے“وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اوربیوروکریٹس میں جاری سردجنگ میں تیزی آگئی، سیکرٹری سمیت کئی افسران سردار یوسف کو بائی پاس کرنے لگ گئے، پراپیگنڈہ بھی شروع کردیا، سردار یوسف نے کرپشن کے خلاف کمر کس گئی اورمعاملہ وزیراعظم کے علم میں لانے کا فیصلہ کرلیا۔

باوثوق ذرائع نے”خبر رساں ادارے “ کو بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور بیورو کریٹس میں سرد جنگ میں تیزی آگئی ہے اور وزیر مذہبی امور و اعلیٰ بیورو کریسی میں فاصلے بڑھ گئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل حج کی تعیناتی، متروکہ وقف املاک بورڈ میں کرپشن ، پرائیویٹ کمپنیوں میں حج کوٹہ کی تقسیم سمیت کئی معاملات پر بیوروکریسی وفاقی وزیر کو مطمئن نہ کرسکی اور جب اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کچھ فائلیں منگوانا چاہئیں تو سیکرٹری مذہبی امور ، جوائنٹ سیکرٹری حج امور اور متروکہ وقف املاک کے قائم مقام چیئرمین آڑے آگئے اور یہ کہہ کر ٹال دیاگیا کہ کچھ چیزیں ٹاپ سیکرٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل حج کی تعیناتی کے حوالے سے بھی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کو بائی پاس کیاگیاہے اور ڈائریکٹ سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوائی گئی جس پر سیکرٹریٹ نے سمری واپس بھجوادی کہ اس فائل پر وفاقی وزیر کے کمنٹس نہیں ہیں پہلے ان سے منظوری کروائی جائے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ وفاقی وزیر کو اپنے اعتماد افسر تعینات کرنے میں بھی یہی بیورو کریسی روڑے اٹکا رہی ہے اور ایک اچھی شہرت کے حامل افسر کو جب وزارت مذہبی امور میں تعینات کرایاگیا تو اس کیخلاف بھی پراپیگنڈہ کرکے اسے معطل کردیاگیا جبکہ سردار یوسف پر بس نہ چلنے پر اب وفاقی وزیر مذہبی امور کے خلاف پراپیگنڈہ مہم عروج پر پہنچ گئی ہے اور انہیں کرپٹ ثابت کرکے بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اس سلسلے میں کافی متحرک ہوچکے ہیں اور اب معاملے کو وزیراعظم میاں نوازشریف کے علم میں بھی لائیں گے کہ بیوروکریسی انہیں کام نہیں کرنے دے رہی جبکہ کسی بھی معاملے پر اگر کوئی فائل منگوائی جائے تو اسے سیکرٹ ، کلاسیفائیڈ کہہ کر ٹال مٹول سے کام لیا جاتاہے۔

متعلقہ عنوان :