امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات کا عزم رکھتا ہے،جیمز ڈوبنز ، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے تناظر میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، وزیر داخلہ چوہدری نثار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقاتیں

جمعہ 25 اپریل 2014 08:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء)امریکہ نے کہا ہے کہ وہ نواز شریف حکومت کو قیام امن کیلئے قابل اعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے اور اْس نے پاکستان سے کثیر جہتی اور طویل المدتی تعلقات کا عزم کر رکھا ہے۔یہ بات پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔

اْنہوں نے کہا کہافغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے تناظر میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔ڈوبنز نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور اتحادی کی حیثیت سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔چوہدری نثار علی خان نے تعلقات میں کھْلے ذہن سے کام لینے اور شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔اْنہوں نے کہا کہ حقیقت پسندانہ اور دیانتدارانہ سوچ کے ذریعے پاکستان کے کردار کو سراہا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

فریقین کے درمیان تعاون میں قریبی رابطے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ قبل ازیں پاکستان افغانستان کیلئے امریکی نمائندے جیمز ڈوبنز نے میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا،مشیر خارجہ نے تمام شعبوں میں پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کیا،علاقائی صورتحال خاص طور پر افغانستان کے حوالے سے مشاورت ضروری ہے،پاکستان افغانستان میں آزادانہ انتخابات اور پرامن اقتدار کی منتقلی کا حامی ہے،خطے میں امن اور معاشی استحکام کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔