مقبوضہ کشمیر،نام نہاد انتخابات کا پارلیمانی حلقے میں پہلے مرحلے کا انعقاد،اننت ناگ میں تمام پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار ،حلقے میں حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی ،عوام گھروں میں محصور،انتخابات لاحاصل مشق ہے، لاکھوں فوج کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ کی کوئی حیثیت نہیں،سید علی گیلانی، فریدہ بہن جی

جمعہ 25 اپریل 2014 08:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء)مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے پہلے مرحلے میں گزشتہ روز حلقہ اننت ناگ میں حریت کانفرنس گیلانی گروپ کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی گئی ہے اور لوگوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ اس موقع پر انتخابی حلقے میں قائم کئے گئے تمام پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ انتخابی عمل کے دوران احتجاجی مظاہروں کا خدشہ لاحق ہونے کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں دوسو سے زائد نوجوانوں اور حریت کارکنوں کو گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق نے انتخابات کو محض ڈھونگ اور لاحاصل مشق قرار دیا ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارلیمانی حلقہ انتخاب اسلام آباد میں منعقد ہوا تاہم اس موقع پر حریت کانفرنس کی کال پر اننت ناگ میں مکمل ہڑتال رہی اور لوگ ووٹ ڈالنے کے بجائے اپنے گھروں میں محصور رہے۔

(جاری ہے)

ہڑتال کے باعث حلقے میں انتخابی ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا ۔حلقہ اننت ناگ میں اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرتے ہوئے وادی بھر میں خصوصا اننت ناگ میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ جگہ جگہ فوج اور پولیس دکھائی دے رہی تھی ۔احتجاجی مظاہروں کا خدشہ لاحق ہونے کے پیش نظر جنوبی کشمیر میں دوسوسے زائد جوانوں اور حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

انتخابی حلقے میں قائم تمام پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیاگیا تھا ۔دریں اثناء حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق ،فریدہ بہن جی نے نام نہاد انتخابات کو محض ڈھونک اور ایک لاحاصل مشق قرار دیا ہے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ انتخابات کبھ بھی حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خواہ کتنے ہی ہتھکنڈے استعمال کرلے وہ بھی بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کا رخ موڑ نہیں سکتا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کی آڑ میں ڈرامہ رچایا جارہا ہے ۔لاکھوں افواج کی موجودگی میں کشمیر میں رچائے جارہے اس ڈرامے سے نہ تو آج مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے حوالے سے عالمی برادری کو گمراہ کیا جا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ ایسا ہوگا۔یاسین ملک نے انتخابی ڈرامے کو مسترد کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک کشمیری قوم اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔