مضاربہ سکینڈل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم وصول کی جائے،چےئرمین نیب،لوٹی گئی رقم کی وصولی کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز ،سکینڈل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار ،سکینڈل میں ملوث بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کو بھی واپس لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 25 اپریل 2014 08:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء)چےئرمین قومی احتساب بیورو قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ مضاربہ سکینڈل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم وصول کی جائے۔جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کو نیب ہیڈکوارٹر میں مضاربہ سکینڈل کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی،اجلاس میں مضاربہ سکینڈل میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیاگیا،اجلاس کے دوران چےئرمین قمرزمان چوہدری نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوٹی گئی رقم کی وصولی کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرتے ہوئے سکینڈل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کریں،انہوں نے سکینڈل میں ملوث ایسے افراد جو کہ بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں کو بھی واپس لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

چےئرمین نیب نے کہا کہ نہ صرف عوام کو لٹیروں کے جنگل سے ان کی رقم واپس ملنے کیلئے نیب سے توقع ہے بلکہ یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے کہ ہم لوٹی گئی رقم واپس وصول کریں،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کرنل(ر) شہزاد انور بھٹی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ نیب اب تک مضاربہ سکینڈل میں5بڑی تحقیقات کرچکا ہے جن میں مفتی احسان الحق(فیاض انڈسٹریزگوجرانوالہ ) غلام رسول ایوبی(میزبان ٹریڈنگ کمپنی) مفتی شبیر عثمانی(الوسیع گروپ) ٹیکسلا،مولانا عبداللہ(اسلامک ٹریڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ) اور آصف جاوید عرف مولانا ابراہیم(ایلیکس زےئر گروپ) شامل ہیں اور اب تک متاثرین کی33ہزار872شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ21.658 بلین روپے کی رقم وصول کی گئی ہے،نقد رقم کی وصولی کے ساتھ ساتھ پراپرٹیز جنکی مالیت1.2بلین روپے ہے،سکینڈل میں ملوث12ملزمان مفتی احسان الحق،مفتی ابرارالحق،مفتی حافظ محمد نواز،معین اسلم،عبیداللہ،مفتی شبیر احمد عثمانی،سجاد احمد،آصف جاوید،غلام رسول ایوبی،محمد حسین،حامد نواز اور محمد عرفان گرفتار ہوچکے،چےئرمین نیب نے ڈی جی راولپنڈی کو ہدایت کی کہ عوام کی مدد سے سکینڈل میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے،چےئرمین نے کہا کہ اس حوالے سے پیشرفت کی جلد مکمل رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

متعلقہ عنوان :