وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز کی ملاقات ، افغانستان کی صورتحال پر غور سمیت پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ، خطے خصوصاً افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جیمز ڈوبنز ،میرا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا‘ جیمز ڈوبنز،پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی استحکام اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے مواقع پر مفید بات چیت ہوئی ‘ امریکہ نمائندہ خصوصی افغانستان و پاکستان

ہفتہ 26 اپریل 2014 07:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز کی ملاقات ، پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں امریکی نمائندہ خصوصی افغانستان اور پاکستان جیمز ڈوبنز نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم جبکہ پاکستان میں تعیناتی امریکی سفیر رچرڈاولسن نے امریکی نمائندہ خصوصی کی معاونت کی ۔

ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر غور کیا گیا خاص طور پر افغانستان میں حالیہ انتخابات پر تفصیلی بات چیت ہوئی کہ انتخابات کے بعد پاکستان اور افغانستان ایک حکمت عملی کے ساتھ کس طرح امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنا سکتے ہیں جبکہ نیٹو فورسز کے انخلاء کے بعد فورسز کا سامان پاکستان کے حوالے کرنے سے متعلق بھی امور زیر بحث آئے ۔

(جاری ہے)

جیمز ڈوبنز نے اس موقع پر پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے خطے خصوصاً افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مستقبل میں ان تعلقات میں مزید بہتری لائینگے اورپاکستان کو درپیش تمام مسائل پر ہر ممکن مدد کی جائے گی اور اس کیلئے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائینگے ۔

ادھرامریکی نمائندہ خصوصی افغانستان و پاکستان جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ ان کا دورہ پاکستان نہایت کامیاب رہا ۔ پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں علاقائی استحکام اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے مواقع پر بات چیت کی جس سے زیادہ مضبوط شراکت داری قائم ہوگی۔ ملاقاتوں میں ہم نے امریکہ اور پاکستان کے مابین مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔

جیمز ڈوبنز کا دورہ پاکستان میں سینئر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ انہوں نے دو طرفہ معاملات اور خطے کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کیلئے وزیراعظم نواز شریف‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار ‘ خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کیلئے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔