وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور انوشہ رحمان کی وزیراعظم سے مشترکہ ملاقات ، وزراء نے وزیراعظم کو تھری جی اور فو ر جی کی نیلامی بارے آگاہ کیا ،وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیدیا ، جدید موبائل ٹیکنالوجی سے زراعت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلاب آئے گا ، وزیراعظم

ہفتہ 26 اپریل 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کی ملاقات ، وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو تھری جی اور فور جی کی نیلامی سے متعلق آگاہ کیا ۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس مشترکہ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں تھری جی اور فور جی کی نیلامی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے 10لاکھ افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہوگا لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کا اس موقع پر کہا تھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کررہا ہے اور دن بدن جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کھڑے ہوسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر خزانہ اور وزیر مملکت انوشہ رحمان کی انتھک کوششوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ سیکرٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ اور وزارت کے حکام کی کارکردگی کوبھی سراہا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید موبائل ٹیکنالوجی سے زراعت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلاب آگے گا تھری جی ار فور جی کی نیلامی میں شفافیت کو یقینی بنانا قابل تعریف ہے اور اس میں مزید بہتری لانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی اور تمام وسائل فراہم کئے جائینگے ۔