میرے خلاف ریفرنس بھیجنے والے فوج سے معافیاں مانگ رہے ہیں‘ شیخ رشید،حکومت اور فوج کے درمیان تناؤ وفاقی وزراء نے پیدا کیا ہے‘ حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد ہوجانا چاہیے‘ حکومت ملک کے حالات کو 12 اکتوبر کی طرف لے جارہی ہے‘نجی ٹی وی کوانٹرویو

ہفتہ 26 اپریل 2014 08:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے خلاف ریفرنس بھیجنے والے وزراء آج فوج سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔ حکومت 12 اکتوبر کی طرف حالات کو لے جارہی ہے۔ جمہوریت کو بچانے کیلئے قوم اور اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوجانا چاہیے۔ جیو میں کچھ لوگ اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے غلط اقدامات کی وجہ سے اداروں میں تناؤ پیدا ہوا ہے۔ حکومت کے وزراء نے پہلے فوج کے خلاف زبان استعمال کی اب وہ معافی مانگ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت وزراء ملک کے حالات کو 12 اکتوبر کی طرف لے جارہے ہیں وزیراعظم کو حالات کا جائزہ لینے کی سخت ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ریفرنس بھیجنے والے وزراء اپنی نوکری بچانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے اور ایک پلیٹ فارم سے اکٹھے ہوکر قوم کی آواز اٹھانی چاہیے۔

پی پی پی اور ایم کیو ایم اتحاد صرف فطری تقاضوں پر مبنی ہے۔ کراچی کے امن کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی مسلم لیگ اور عوامی تحریک مل کر ایک ہی موقف سے حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی نہ نکلا تو عوامی مسلم لیگ اکیلے ہی قوم کی ترجمانی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :