ڈیرہ مراد جمالی ،وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ اوچ پاور پلانٹII کا باقاعدہ افتتاح کیا،پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی میں ہے لہٰذا نصیرآباد ڈویژن اور سبی ڈویژن کو اوچ پاور پلانٹII سے بجلی فراہم کی جائے ،وزیر اعلیٰ کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 اپریل 2014 07:36

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعہ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ اوچ پاور پلانٹII کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ چونکہ اوچ پاور پلانٹ ڈیرہ مراد جمالی میں واقع ہے لیکن یہاں کے عوام سخت گرمی میں بجلی کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں لہٰذا نصیرآباد ڈویژن اور سبی ڈویژن کو اوچ پاور پلانٹII سے بجلی فراہم کی جائے تاکہ علاقے کے لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے لئے وزیراعظم کی بلوچستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم صوبے کی تعمیروترقی اور یہاں کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس کے لئے وہ عملی اقدامات کررہے ہیں جس کے لئے وزیراعظم نے گذشتہ روز گوادر کا دورہ کیا اور وہاں پر ترقیاتی عمل کا جائزہ لیا اور آج وہ ڈیرہ مراد جمالی تشریف لائے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تعمیروترقی میں دلچسپی لینے اور یہاں کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے اقدامات پر وہ اور صوبے کے عوام ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزراء عابد شیر علی، پرویز رشید، شاہدخاقان عباسی، سینئر صوبائی وزیر ومسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری، پاکستان میں فرانس کے سفیر لوکس لمیرڈ، صوبائی وزیر میراظہار کھوسہ، صوبائی مشیر عبدالماجد ابڑو، سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی ظہورحسین کھوسہ، چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد، آئی جی پولیس بلوچستان مشتاق حسین سکھیرا سمیت علاقے کے معتبرین، اعلیٰ حکام اور اوچ پاور پلانٹ IIکی انتظامیہ وبجلی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی جی ڈی ایف سویز SVEZکے ساؤتھ ایشیا کے سربراہ لوکس البرڈ نے بھی خطاب کیا اور اوچ پاور پلانٹ IIکی تکمیل کے مرحلے پر روشنی ڈالی۔