یوکرائنی بحران،امریکی فوجی دستہ لتھوانیا پہنچ گیا

اتوار 27 اپریل 2014 08:08

سیاؤلیائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء)امریکی فوجی دستہ ہفتہ کے روز لتھوانیا پہنچ گیا ہے ، یہ فوجی بڑھتے ہوئے یوکرائنی بحران کے پیش نظر نیٹو اتحادیوں کو ازسر نو یقین دہانی کرانے کے حوالے سے بھیجے جانیوالے 600اہلکاروں کے امریکی دستے کا حصہ ہیں ۔لتھوانین صدر ڈالیا گریباؤسکائٹی نے امریکی فورسز کی آمد کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں کم سے کم دفاع کا اقدام قرار دیا جہاں یوکرائن میں روس کی کارروائیوں کے معاملے پر خطرے میں اضافہ ہو چکا ہے ۔

گریباؤسکائٹی نے سیاؤلیائی ایئربیس پر 150کے قریب امریکی فوجی ، جن کا تعلق 173ویں ایئربورن بریگیڈ سے ہے ، کے پہنچنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس صورتحال میں ہمارے کون سے حقیقی دوست مدد کے لئے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے کوئی مہمان زخمی ہوئے تو اس کا مطلب ہو گا کہ یہ نہ صرف لتھوانیا بلکہ امریکہ کے ساتھ کھلی محاذ آرائی ہو گی ۔

لتھوانین وزارت دفاع کے مطابق امریکی فوجی سال بھر مختلف مشقوں میں حصہ لیں گے ، پولینڈ میں فوجیوں کی ایک اور کمپنی بدھ اور لٹویا میں جمعہ کے روز پہنچ رہی ہے اور مزید150فوجی پیر کو استونیا میں پہنچیں گے۔واشنگٹن نے منگل کے روز کہا تھا کہ وہ خطے میں اپنی موجودگی کو بڑھانے اور اپنے نیٹو اتحادیوں اورشراکت داروں کو دوبارہ سے یقین دہانی کرانے کے لئے 600فوجی بھیج رہا ہے ۔نیٹو نے بالٹک ریاستوں میں فضائی گشت بھی بڑھا دیا ہے جنہوں نے 1991ء تک پانچ دہائیاں سوویت قبضے میں گزاریں اور 2004ء میں شمالی اوقیانوسی معاہدہ تنظیم میں شمولیت اختیار کی ۔