ساہیوال،جی ٹی روڈ پر ریلوے کی گندم کی کٹائی کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ ،2 افراد جاں بحق ، پانچ شدید زخمی

اتوار 27 اپریل 2014 08:03

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء)نواحی چک55/5Lمیں جی ٹی روڈ پر ریلوے کی گندم کی کٹائی کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور پانچ شدید زخمی ہوگئے،مقتولین میں ایک بس کا کنڈیکٹر زاہد بھی شامل ہے۔تین زخمیوں مظہرعمر30سال،علی رضاعمر16سال اور نعمان عمر28سال کی حالت تشویشناک ہے،جی ٹی روڈ پر ٹریفک دو گھنٹے تک معطل رہی۔

تفصیلات کے مطابق چک59/4R کے اقبال ڈوگر،جمیل ڈوگر نے پاکستان ریلوے کی اراضی ٹھیکہ پر لے کر کاشت کی ہوئی تھی جب کہ مقامی ایم پی اے کے حامی بھٹی گروپ نے ریلوے کی اراضی کے حصول کیلئے ریلوے سے پٹہ لے لیا اور فریقین میں جھگڑا کے بعد ہائی کورٹ سے اجازت لیکر ڈوگر پارٹی گندم کی کٹائی کر رہی تھی کہ بھٹی گروپ نے آہنی اسلحہ سے بیس افراد کے ہمراہ حملہ کردیا،فریقین میں فائرنگ شروع ہو گئی،ایک کی فائرنگ کے نتیجہ میں شہباز احمد اور ایک بس کنڈیکٹر زاہد گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے،واضح رہے کہ مذکورہ بس جائے وقوعہ کے قریب سے گزر رہی تھی،ڈرائیور نے فائرنگ کا تبادلہ دیکھ کر بس کو تھوڑی دیر کیلئے روکا تھا کہ اچانک ایک گولی بس کنڈیکٹر کو آ لگی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال کی قیادت میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مداخلت کرکے فائرنگ بند کرائی اور ٹریفک بحال کرائی،تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ساہیوال داخل کرادیاگیا جبکہ پولیس نے14افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔