کراچی سے دہشت گردی کا آسیب ختم کرکے رہیں گے، اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی،خواجہ سعد رفیق،پیپلز پارٹی وزیر اعلی سندھ کو اختیارات دے ،ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے ہمیں خوشی ہے امید ہے اب ایم کیوایم ہدفی آپریشن پر کوئی اعتراض نہیں اٹھائے گی، استقبالیہ سے خطاب

پیر 28 اپریل 2014 08:41

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اپریل۔ 2014ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کراچی سے دہشت گردی کا آسیب ختم کرکے رہیں گے، اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی۔ پیپلز پارٹی وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو اختیارات دے ،ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے ہمیں خوشی ہے امید ہے کہ اب ایم کیوایم ہدفی آپریشن پر کوئی اعتراض نہیں اٹھائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے عرفان اللہ مروت کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سندھ میں وڈیرے کا ظلم ضرور ٹوٹے گا ،سندھ میں کسی بڑی شخصیت کے بھائی کے کہنے پر افسران کے تبادلے و تقرریاں یا بھرتیاں نہ کی جائے یہ اختیار وزیراعلی سندھ کو دیا جائے ، پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت وزیراعلی سندھ کا مینڈیٹ تسلیم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کی لہر آچکی ہے پنچاب سے جاگیردارانہ نظام ختم ہوچکا ہے اب سندھ سے بھی وڈیرا شاہی ختم ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ملک میں اب حکومت کی باری آنے والی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ اب حکومتوں کی تبدیلی عوام کے ووٹوں سے ہوگی۔ کنگزپارٹی مشرف کے جانے سے تاش کے پتوں کی طرح بکھر چکی ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم طالبان کے نظریے کو نہیں مانتے ۔

اب ملک میں سیکولر ہویا طالبان بندوق کی نوک پر سیاست نہیں ہوگی۔ ایم کیوایم کی حکومت میں شمولیت سے متعلق ہمیں کوئی غم نہیں لیکن ایم کیوایم کو اب ٹآرگٹیڈ آپریشن پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات کا فراہم کرنے کے منصوبوں کا آغاز کرکے کراچی کی عوام کو تحفہ دیں گی۔آخری سانس لینے والا ادارہ ریلوے جلد صحتیاب ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سال میں لوڈ شیڈنگ صفراور بجلی سستی ہو گی ۔