لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے حکمت عملی تیارکر لی ،عابد شیر علی ،گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چھ سے آٹھ گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگا، حکومت غریب صارفین کو 225 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے،وزیرمملکت کاانٹریو

پیر 28 اپریل 2014 08:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء)پانی وبجلی کے وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے گرمیوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اس سال جون تک 1500میگاواٹ اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔وزیرمملکت نے کہاکہ گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چھ سے آٹھ گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت حکومت غریب صارفین کو دوسوچھبیس ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔عابدشیر علی نے کہاکہ حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کیے ہیں اسی طرح قطر سے مائع قدرتی گیس کی درآمد سے بھی حکومت کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر مملکت نے کہاکہ ہمسایہ ممالک سے بجلی کی درآمد کے حکومتی منصوبوں کے طورپر ایران سے خضدار تک بجلی کی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جارہی ہے۔عابد شیر علی نے کہاکہ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طورپر ختم ہوجائے گی۔