وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی بارے اہم اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر اظہار تشویش،دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کیخلاف موثر کارروائی ہو گی، اعلی قیادت کا اتفاق،ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے آئی ایس آئی کا کردار قابل تحسین ہے۔ نواز شریف، وزیر داخلہ کی اجلا س میں طا لبا ن سے ہونیوالی حالیہ ملاقات با رے بریفنگ،رابطہ کمیٹی پر واضح کیا ہے امن مذاکرات کے مکمل ایجنڈے پر بات ہونی چاہئے۔چودھری نثار ، دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون و عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا، ڈی جی آئی ایس آئی

منگل 29 اپریل 2014 10:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی بارے اہم اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان میں ملوث عناصر کیخلاف موثر کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے اجلاس کو بتایا کہ رابطہ کمیٹی پر واضح کیا ہے امن مذاکرات کے مکمل ایجنڈے پر بات ہونی چاہئے۔

پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شریک تھے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے طالبان رابطہ کمیٹی سے ہونیوالی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی پر زور دیا ہے کہ آئندہ طالبان شوریٰ کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں مذاکرات کے مکمل ایجنڈے پر بات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ واضح کر دیا ہے کہ مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز بنایا جائے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مذاکرات کی سمت کا واضح تعین ہونا ضروری ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف موثر کارروائی کرنے پر اتفاق کیا۔

ڈی جی آئی ایس لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے حالیہ دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات کے بعد ہونیوالی پیشرفت سے اجلاس کو آگاہ کیا اور ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون و عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔ -انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے تمام ادارے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اجلا س میں افغانستان سے نیٹوافواج کے انخلاء کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔