رحیم یارخان‘ریلوے ٹریک پردھماکا،زکریا ایکسپریس کا انجن متاثر،ڈرائیورزخمی، اپ اور ڈاون ٹریک پر ٹریفک معطل،دھماکے کی ذمے داری کالعدم بلوچ ری پبلیکن آرمی نے قبول کرلی،علاقے میں سرچ آپریشن شروع

منگل 29 اپریل 2014 10:26

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء )رحیم یارخان میں ریلوے ٹریک پر زورداردھماکا ہوا۔ جس سے زکریا ایکسپریس کو شدید نقصان پہنچا اور ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔دھماکے کی ذمے داری کالعدم بلوچ ری پبلیکن آرمی نے قبول کرلی ہے۔۔پولیس کے مطابق د ھماکاآدم صحابہ اسٹیشن کے قریب ا س وقت ہوا جب زکریا ایکسپریس ملتان سے کراچی جارہی تھی۔

۔ دھماکے سے ٹرین کے انجن کو شدید نقصان پہنچا اور ڈاون ریلوے ٹریک پر 5فٹ گہرا اور 4فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔ واقعے میں زکریاایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔جنھیں شیخ زید اسپتال رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد اپ اور ڈاون ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگئی اور جعفر ایکسپریس کو میرپور ماتھیلو،پاکستان ایکسپریس کو گھوٹکی اورفرید ایکسپریس کو خان پور میں روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنے کے بعد ٹریک کو کلئیر قرار دے دیا۔جس کے بعد ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیاگیا ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ہے۔ ۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ریلوے ٹریک کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔ جی ایم ریلوے کے مطابق دھماکے کے بعد اپ اور ڈاوٴن دونوں ٹریک بحال کر دیئے گئے ہیں۔