کراچی ،کاروباری ہفتہ کے پہلے روز اتار چڑھاؤ کے بعد اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ،کے ایس ای100انڈیکس 28600پوائنٹ کی سطح پر بند ،مجموعی حجم 69کھرب سے کم ہو کر68کھرب روپے رہ گیا

منگل 29 اپریل 2014 10:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء)کاروباری ہفتہ کے پہلے روز اتار چڑھاؤ کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ہو گئی ۔ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 2نفسیاتی حدوں سے نیچے گر گیا اور28800 انڈیکس28600پوائنٹ کی سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کے ارب سے زائد روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب روپے سے کم ہو کر68کھرب روپے رہ گیا۔

سیاسی غیر یقینی صورتحال ،میڈیا اور حکومت کے درمیان تعلقات میں جاری کشیدگی سے پیر کو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم رہی جبکہ امن و امان کی خراب صورتحال سے معاشی سدھار کا عمل سست ہونے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا عمل جاری رہنے کی وجہ سے مارکیٹ مسلسل تیسرے کاروباری ہفتہ کے آغاز پر مزید گراوٹ کا شکار ہو گئی۔

(جاری ہے)

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کا رمحتاط دکھائی دئیے اور 100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 28700پوائنٹ سے بھی نیچے چلا گیاتاہم کاربار کے دوران انڈیکس 28926.95پوائنٹ کی نئی سطح پر دیکھا گیا جس کی وجہ پاور ،بینکاری ،سیمنٹ اور آئل کمپنیوں کے شیئرز میں ٹریڈنگ بتائی جاتی ہے ۔پیر کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں158.46پوائنٹ کی کمی واقع ہوئی اور 100انڈیکس 28850.08پوائنٹ سے کم ہو کر28961.62پوائنٹ پر بند ہوا جبکہ 102.68پوائنٹ کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 20026.31پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئر زانڈیکس 21534.11پوائنٹ سے کم ہو کر21410.30پوائنٹ ہو گیا۔

فروخت کے معمولی دباؤ کے باعث رونما ہونیوالی مندی نے سرمایہ کاروں کے39ارب64کروڑ32لاکھ81ہزار سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 69کھرب 46کروڑ7لاکھ57ہزار416روپے سے کم ہو کر 68کھرب 60ارب81کروڑ74لاکھ76ہزار412روپے ہو گیا ۔پیر کو مارکیٹ میں 18کروڑ14لاکھ4ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گذشتہ جمعہ کو19کروڑ87لاکھ2ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز مجموعی طور پر347کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے114کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 219میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف سیمنٹ 3کروڑ82لاکھ ،پرویز احمد1کروڑ78لاکھ ،لالپور پاور1کروڑ2لاکھ،جہانگیر صدیق کمپنی 95لاکھ اور این آئی بی بینک 68لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے یونی لیور فوڈ کے بھاؤ میں300روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 150روپے کا اضافہ جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں50روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں44.50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :