جرمن ویمنز ٹینس، ماریا شراپووا نے ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنالی،، فائنل میں انھوں نے اینا ایوانووک کو ٹھکانے لگایا، دو گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کا پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا

منگل 29 اپریل 2014 10:19

اسٹٹ گارٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء ) روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا نے اسٹیٹ گارٹ ٹینس ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کرلی، فائنل میں انھوں نے اینا ایوانووک کو ٹھکانے لگایا، دو گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کا پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا۔تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کا چیک پانے کے ساتھ مسلسل تیسری مرتبہ مہنگی اسپورٹس کار بھی انعام میں حاصل کی،مراکش ویمنز ٹینس کے فائنل میں اسپین ماریا ٹریسا ٹورو فلو نے اطالوی حریف رومینا اوپراندی کو زیر کرلیا۔

بارسلونا اوپن میں جاپانی اسٹار کائی نیشکوری نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا، انھوں نے فائنل میں کولمبیا کے سانتیاگو گیرالڈو کو ہرادیا، ادھر بخارسٹ ایونٹ میں شراپووا کے دوست گریگور دیمتروف پر بھی قسمت مہربان رہی، انھوں نے لوکاس روسول کو مات دے کر سال کی دوسری اے ٹی پی ٹرافی اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر اسٹٹ گارٹ کا کلے کورٹ ماریا شراپووا کے لیے کافی خوش قسمت ثابت ہورہا ہے، انھوں نے مسلسل تیسری مرتبہ یہاں پر ٹائٹل جیتا ہے، اس بار فائنل میں ان کا ٹکراؤ اینا ایوانووک سے ہوا جنھوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

پہلا سیٹ 3-6 سے ایوانووک کے نام رہا مگر شراپووا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹس 6-4 اور 6-1 سے جیت کر یہاں پر مسلسل 13 واں مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہیں، وہ اس سے قبل2012 اور 2013 میں بھی یہ ایونٹ جیت چکی ہیں۔ دو گھنٹوں کے تھکادینے والے مقابلے میں کامیابی ملنے سے شراپووا ہشاش بشاش ہوگئیں انھوں نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز پانے کیلیے کافی محنت کرناپڑی، مجھے شروع سے ہی مواقع ملنے کا یقین تھا، یہ سب کچھ فائٹنگ اسپرٹ کی وجہ سے ہوا۔

گذشتہ برس لاحق ہونے والی کندھے کی انجری سے نجات کے بعد یہ شراپوواکا تیسرا ٹائٹل ہے، انھوں نے کہا کہ اس بار مجھے یہ ٹائٹل جیتنے میں کافی مشکل کا سامنا رہااسی وجہ سے یہ میرے لیے پہلے والے دو ٹائٹلز سے زیادہ خاص ہے۔شراپووا کو ایک لاکھ 33 ہزار 896 ڈالر کے چیک کے ساتھ برانڈ نیو اسپورٹس کار بھی ملی، اس سے قبل بھی دونوں بار اسٹٹ گارٹ میں فتح پر انھیں گاڑیاں ملی تھیں اسی لیے انھوں نے مذاق میں کہا کہ مجھے ان سب کاروں کے لیے اب الگ گیراج بنوانا پڑے گا۔

فرنچ اوپن سے قبل یہ شراپووا کا پہلا کلے کورٹ ایونٹ ہے۔ دوسری جانب شکست سے دوچار ہونے والی اینا ایوانووک نے کہا کہ ماریا شراپووا ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور ہم سب یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں۔ سرب ٹینس پلیئر اینا ایوانووک نے ا?خری مرتبہ شراپووا کو 2007 کے فرنچ اوپن سیمی فائنل میں شکست دی تھی تاہم خود فائنل میں جسٹن ہینن ہارڈین سے ہار گئی تھیں۔

شراپووا نے جہاں اسٹٹ گارٹ میں فتح کا جشن منایا وہیں ان کے دوست گریگور دیمتروف نے بخارسٹ اوپن کے فائنل میں جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو 7-6 (7/5) اور 6-1 سے مات دی، یہ ان کا رواں برس دوسرا اے ٹی پی ٹائٹل ہے، رواں ہفتے انھوں نے عالمی رینکنگ میں 16 ویں پوزیشن پائی ہے، اس سے قبل دیمتروف نے اکاپلکو ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تھی جہاں انھوں نے سیمی فانل میں اینڈی مرے کو شکست سے دوچار کیا تھا، یہ ان کی 2014 میں 20 ویں میچ فتح ہے، انھوں نے سیمی فائنل میں گیل مونفلز کے صرف 16منٹ میں ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے فائنل میں رسائی پائی تھی۔

مراکش ویمنز ٹینس کے فائنل میں اسپین کی ماریا ٹریسا ٹور فلور نے اطالوی حریف رومینا اوپراندی کو 6-3،3-6 اور6-3 سے قابوکرلیا، بارسلونا اوپن میں جاپانی اسٹار کائی نیشکوری نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں کولمبیا کے سانتیاگو گیرالڈو کو اسٹریٹ سیٹ میں6-2 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا۔

متعلقہ عنوان :