11 ستمبر کے بعد القاعدہ کا اگلا ہدف لندن تھا‘ القا عدہ رکن ، القاعدہ نے دنیا کی بلند عمارتوں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، 2001ء کے اواخر میں خالد شیخ محمد نے ایک کتاب پر ورلڈ ٹریڈ ٹاورز کی تصاویر پر کراس کا نشانہ ڈالتے ہوئے مزید اہداف ڈھونڈنا شروع کیے تھے، ساجد بدت

بدھ 30 اپریل 2014 02:26

لند ن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)دہشت گردی کے جرم میں سزا کاٹنے والے برطانوی شہری ساجد بدت نے کہا ہے کہ امریکا میں گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد القاعدہ کا اگلا ہدف لندن کا تجارتی علاقہ کینیری وارف تھا، جہاں بلند و بالا عمارات موجود ہیں۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق القاعدہ کے رکن 35 سالہ ساجد بدت کو اسامہ بن لادن نے ایک امریکی مسافر بردار جہاز اغوا کرنے کے لیے بھیجا تھا۔

نیو یارک میں ایک عدالت میں نفرت انگیز تقاریر کرنے والے ابو حمزہ کے مقدمے کے موقع پر اپنا بیان دیتے ہوئے بدت نے کہا القاعدہ گیارہ ستمبر کے حملوں کے اگلے کچھ ہفتوں میں لندن میں بھی اسی طرز کے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کیے ہوئے تھی۔ یہ بیان انہوں نے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے دیا کیونکہ بدت اب بھی امریکا میں مطلوب ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسامہ بن لادن کے داماد ابوحمزہ کو دہشت گردی کے متعدد الزامات کا سامنا ہے اور نیو یارک کی عدالت میں ان کے مقدمے کی سماعت ہو رہی ہے۔

بدت نے اس مقدمے میں گزشتہ ماہ اپنے بیان کو مزید طوالت دی تھی، جہاں ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ نے دنیا کی بلند عمارتوں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔بدت نے کہا کہ سن 2001 کے اواخر میں خالد شیخ محمد نے ایک کتاب پر ورلڈ ٹریڈ ٹاورز کی تصاویر پر کراس کا نشانہ ڈالتے ہوئے مزید اہداف ڈھونڈنا شروع کیے تھے۔ واضح رہے کہ خالد شیخ محمد گیارہ ستمبر کے حملوں کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر چکے ہیں۔

بدت نے مزید کہا کہ خالد شیخ محمد نے اس سے دریافت کیا تھا کہ کیا حملوں کے لیے برطانیہ میں کچھ اہداف موجود ہیں۔ ’مجھے یقین ہے کہ کینیری وارف کے علاقے کی بابت کہا گیا تھا۔‘خیال رہے کہ کینیری وارف لندن کے مشرق میں واقع تجارتی ضلع ہے، جہاں بہت سی بلند و بالا عمارات موجود ہیں۔سن 2001ء میں اسامہ بن لادن نے افغانستان سے نکلتے ہوئے بدت سے دوبدو ملاقات کی تھی، جس میں بدت سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے جوتوں میں دھماکا خیز مواد کے ذریعے ایک امریکی مسافر بردار جہاز تباہ کرے۔

بدت نے بتایا، ”ملاقات کے اختتام پر اسامہ بن لادن نے مجھے گلے بھی لگایا تھا اور میرے مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی تھی۔“بدت نے جنوری سن 1999 تا دسمبر 2001ء تک افغانستان میں قیام کیا تھا اور القاعدہ کے لیے کام کیا تھا۔برطانیہ پہنچ کر بدت نے اپنے اس حملے کے منصوبے کو عملی جامہ نہیں پہنایا تھا اور افغانستان میں القاعدہ کے معاونین کے ساتھ رابطے منقطع کر لیے تھے، تاہم سن 2003 میں اسے برطانوی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا اور جرم ثابت ہو جانے پر اسے 13 برس قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :