صدر مملکت ممنون حسین سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ملاقات، صوبے کے امور سے متعلق تبادلہ خیال

بدھ 30 اپریل 2014 02:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین سے منگل کو کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے کے امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال ،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈآپریشن ،عوام کے مسائل کے حل کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ کراچی میں قیام ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے ۔کراچی ملک کا معاشی حب ہے ۔حکومت کی اولین ترجیح کراچی میں امن کا قیام ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت تیز کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔