ایم کیو ایم میں اندرونی اختلافات کے باعث فاروق ستار کو ہٹایا گیا،نبیل گبول کی وفاداری مشکوک ہونے پر رشید گوڈیل کو عبوری پارلیمانی لیڈر نامزد کیا گیا‘ ذرائع

بدھ 30 اپریل 2014 02:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء) ایم کیو ایم میں پارٹی کے اندر شدید اختلافات کے باعث پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کو ہٹایا گیا‘ پارٹی کے اندر ایک دھڑا نبیل گبول کو پارٹی لیڈر بنانے کا مطالبہ کررہا تھا مگر وفاداریاں مشکوک ہونے کی بناء پر انہیں نہیں بنایا گیا‘ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پارٹی کے اندر پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کیلئے عبدالرشید گوڈیل کو عبوری طور پر پارلیمانی لیڈر نامزد کیا۔

”خبر رساں ادارے“ کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پارٹی کے اندر جاری اختلافات میں شدت آگئی تھی اور پارٹی کے اکثریتی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی علاوہ مرکزی و صوبائی لیڈر فاروق ستار کے مخالف تھے اور گذشتہ تین ماہ سے مطالبہ کررہے تھے کہ فاروق ستار کو اس عہدے سے فی الفور ہٹایا جائے جبکہ اس سلسلے میں الطاف حسین کو بھی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ مرکزی عہدیداروں نے بذریعہ ای میل صورتحال سے آگاہ کیا تھا کہ پارٹی مرکزی و صوبائی سطح پر عوام میں اپنی مقبولیت کھورہی ہے اور فاروق ستار جماعت کو موثر انداز میں وقت نہیں دے رہے۔

(جاری ہے)

ان کے گھریلو اور ذاتی مسائل بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں لہٰذا پارلیمانی لیڈر کو تبدیل کیا جائے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ الطاف حسین کو ایک دھڑے نے نبیل گبول کو پارٹی کا پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کا کہا تھا تاہم ان کے پیپلزپارٹی سے دیرینہ تعلقات اور ایم کیو ایم سے مشکوک وفاداریوں کے باعث انہیں پارلیمانی لیڈر نامزد نہیں کیا گیا۔ نئے نامزد پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل کو بھی الطاف حسین نے پارٹی میں جاری اختلافات ختم کرنے کیلئے عجلت میں پارلیمانی لیڈر نامزد کیا ہے تاہم پارٹی کے اندر اب بھی نئے پارلیمانی لیڈر کیلئے کھینچا تانی اور اختلافات موجود ہیں۔