ملک کواندرونی اوربیرونی چیلنجزکاسامناہے ، یقین دلاتا ہوں افواج پاکستان تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہیں گی،آرمی چیف ، فوج جمہوریت کے استحکام اورآئین کی بالادستی پریقین رکھتی ہے ،تمام ادارے نظام کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں ،کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے ،افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں ،کسی بھی جارحیت کاجواب دینے کیلئے بھی ہمہ وقت تیارہیں ، دہشتگردی کے خاتمے ا ور امن کیلئے حکومت کی ہرکوشش کی حمایت کرتے ہیں ،ہماری دلی خواہش ہے پاکستان مخالف سرگرم عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں،بصورت دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں،پاک افواج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے، قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے،قوم کے شہیدوں اور غازیوں کو میرا سلام،جی ایچ کیومیں یوم شہدائے پاکستان کی تقریب سے خطاب

جمعرات 1 مئی 2014 07:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ ملک کواندرونی اوربیرونی چیلنجزکاسامناہے ،مگر یقین دلاتا ہوں افواج پاکستان اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے ان تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہیں گی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیں گی،فوج جمہوریت کے استحکام اورآئین کی بالادستی پریقین رکھتی ہے ،تمام ادارے نظام کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں ،کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے ،افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں ،کسی بھی جارحیت کاجواب دینے کیلئے بھی ہمہ وقت تیارہیں ، دہشتگردی کے خاتمے ا ور امن کیلئے حکومت کی ہرکوشش کی حمایت کرتے ہیں ،ہماری دلی خواہش ہے پاکستان مخالف سرگرم عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں،بصورت دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں،پاک افواج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے، قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے،قوم کے شہیدوں اور غازیوں کو میرا سلام۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کو جی ایچ کیومیں یوم شہدائے پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہو کیا ۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا ،آج کا دن ان شہداء کے نام ہے،جنہوں نے1947ء سے2014ء تک وطن عزیز پاکستان کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ہم ان ماؤں بہنوں،بیٹیوں اور شہداء کے دیگر لواحقین کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں،جنہوں نے اپنے پیارے اس وطن کے تحفظ پر نچھاور کردئیے،ہم ان غازیوں کی بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دفاع وطن کے لئے دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں،آج ہمیں بحیثیت قوم ایک ایسی جنگ کا سامنا ہے جس سے افواج پاکستان کے ساتھ ریاست کے تمام ادارے اور پاکستانی عوام بھی برسرپیکار ہیں،اس مناسبت سے میں نہ صرف افواج پاکستان ،ایف سی،رینجرز،فرنٹےئرکانسٹیبلری،پولیس اور لیویز بلکہ ان ہزاروں محب وطن شہریوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہو ں نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،وطن عزیز کے استحکام کے لئے ان کا کردار لازوال اور ناقابل فراموش ہے،ہمارے ملک کو بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،مگر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان سیکورٹی کے دیگر اداروں خصوصاً سول آرمڈ،فورسز،پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ ملکر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے ان تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہیں گی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیں گی۔

پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے او رامن کی بحالی کیلئے ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے،یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عمل تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں۔بصورت دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں،پاکستان کی غیور عوام اور افواج پاکستان ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنگی محاذ خواہ اندرونی ہو یا بیرونی،قومیں لڑا کرتی ہیں اور اپنی افواج کا حوصلہ بلند رکھتی ہیں۔پاک افواج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے،قوم کی حمایت کے ساتھ یقیناً ہمارے بہادر سپوت قومی سلامتی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے،انشاء اللہ ہر آنے والا دن عوام اور افواج پاکستان کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا۔

افواج پاکستان نے دفاع وطن کے بنیادی فریضے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیرو ترقی اور فلاح وبہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے،1947ء میں مہاجرین کی بحفاظت پاکستان آمد اور آباد کاری سے لیکر سوات اور فاٹا کے لوگوں کی گھروں کو واپسی اور بحالی تک مسلح افواج کا کردار نمایاں رہا ہے۔افواج پاکستان وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندہ،قومی یکجہتی کی آئنہ دار،پاکستانیت کی علامت اور دفاع وطن کی ضمانت ہے،حالیہ برسوں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 20ہزار سے زائد نوجوانوں نے پاک فوج میں بحیثیت آفیسر اوثر سولجرز شمولیت اختیار کی ہے جو صوبہ بلوچستان کے لوگوں کا اپنی افواج پر بھرپور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

پاکستان کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہمارے نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔افواج پاکستان کے زیر نگرانی مختلف تعلیمی اور تکنیکی ادارے چل رہے ہیں جن میں قوم کے ہزاروں بچے زیر تعلیم ہیں،ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بلوچستان،فاٹا اور ملک کے دور دراز علاقوں سے ہے۔عالمی امن کے قیام میں بھی افواج پاکستان کا کردار نمایاں ہے،اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاک افواج ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں،اقوام متحدہ کی تاریخ میں پاکستانی امن دستوں کی تعداد دیگر ممالک سے کہیں زیادہ ہے،یہ اقوام عالم کا ہماری قوم اور افواج پر اعتماد کا مظہر ہے اور ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،یہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور اس کا کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کرنا علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں مگر کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار بھی ہیں۔

افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام،آئین وقانون کی پاسداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہیں،یہی وہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن رہ کر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔اس لئے لازم ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے دئیے گئے سنہری اصول ایمان ،اتحاد ،یقین محکم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور ملک کے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر اس نظام کی کامیابی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔

پاکستان کی مسلح افواج ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہمیشہ کام کرتی رہیں گی۔ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر میں سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار بھی قابل تعریف ہے،میڈیا نے ہر موڑ پر وطن عزیز کی سلامتی کے حق میں عوامی رائے کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے،ہم میڈیا کی آزادی اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔

تمام مشکلات کے باوجود پاکستان اپنے استحکام اور خوشحالی کی منزل کی طرف رواں دواں ہے،18کروڑ سے زائد محنتی،ہنرمند اور متحرک عوام پر مشتمل ہمارا وطن ہر لحاظ سے انتہائی اہم مقام پر کھڑا ہے۔انشاء اللہ اقوام عالم میں صلاحیتوں کے بل بوتے پر ہم اپنا صحیح مقام حاصل کرکے رہیں گے۔شہادت ایک عظیم رتبہ ہے،آپ کی افواج جذبہ شہادت سے سرشار ہیں،خوش نصیب ہیں ہمارے وہ ساتھی جنہیں یہ سعادت نصیب ہوئی،آج کا دن پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے یوم تجدید عہد بھی ہے،ہم شہداء کے لواحقین کے لئے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے،ہم بحیثیت قوم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

آخر میں میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،مسلح افواج قومی سلامتی اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔یہ ہمارا مشن ہے کہ مستقبل کا پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر محفوظ پاکستان ہو،قوم کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اگلی نسل کو ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان حوالے کریں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔آمین۔۔۔۔پاک فوج زندہ باد۔۔۔۔۔۔پاکستان پائندہ باد۔