کراچی کو فراہم کی جانے والی گیس میں کٹوتی کی جارہی اور نہ ہی حکومت نے ایسے احکامات دیئے ہیں،شاہد خاقان عباسی،بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے تمام سرکاری و نجی اداروں کے کنکشنز کاٹنے کی ہدایت دی گئی ہیں، اس ضمن میں تمام نادہندگان کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائیگا، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 1 مئی 2014 07:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی کو فراہم کی جانے والی گیس میں کٹوتی کی جارہی اور نہ ہی حکومت نے ایسے احکامات دیئے ہیں،بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے تمام سرکاری و نجی اداروں کے کنکشنز کاٹنے کی ہدایت دی گئی ہیں اور اس ضمن میں تمام نادہندگان کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائیگا۔

سوئی سدرن کمپنی(ایس ایس جی سی) کے صدر دفتر میں ایس ایس جی سی اور اینگرو ٹرمینل کے درمیان ایل این جی سروس کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں صحافیوں کے سوالو ں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کا کہنا تھا کہ دنیا میں سستی توانائی کہیں بھی دستیاب نہیں ہے ،کوشش کرینگے کہ ملک میں درآمد ہونے والی ایل این جی کے نرخ17ڈالر فی ایم ایم بی ٹو یو سے کم میں طے کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ کی کوششوں کے بعد سوئی سدرن اور اینگرو ٹرمینل میں ایل این جی سروس کا معاہدہ طے پا گیا ہے جبکہ اینگرو معاہدے کی مدت کے335ایام کے اندر ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر مکمل کر لے گی،ملک میں یومیہ400ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی درآمد کی جائے گی جسے ری گیسیفکیشن کے عمل کے بعد سسٹم میں داخل کردیا جائیگا،انہوں نے بتایا کہ درآمدہ ایل این جی فرنس آئل استعمال کرنے والے پاور پلانٹس کو فراہم کی جائیگی جس کے نتیجے میں10کروڑ ڈالر ماہانہ ایندھن کی مد میں بچت ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اب دوسرا مرحلہ ایل این جی کی خریداری کا ہے جس کیلئے گورنمنٹ ٹو گورنمٹ اور مسابقتی بڈنگ کے آپشن زیر غور ہیں ۔ملک میں سالانہ2تا2.5ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی درآمد کی جائیگی جس کی ٹولنگ فیس100ملین ڈالر کے لگ بھگ بنے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایل این جی کی درآمد سے گیس کے ضیاع کی شرح نہیں بڑھے گی ،تاہم اس کی مالیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔اس سے قبل ایل این جی سروس کے معاہدے پر سوئی سدرن کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر زوہیر صدیقی اور اینگرو ایل این جی ٹرمینل آپریٹر کے سی ای او شیخ عمران الحق نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :