پاک فوج کے جوان ملک کی شان ،عزت اور وقار ہیں ،الطاف حسین،اللہ تعالیٰ کے بعد پاک افواج کے جوان ملک کی حفاظت پر مامور ہیں جو شدید گرمی ،سردی اور حالات وجان کی پروا کئے بغیر سرحدوں پر فرائض انجام دیتے ہیں،قائد ایم کیو ایم

جمعرات 1 مئی 2014 07:57

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کی یاد میں یوم شہداء کے موقع پر پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان ملک کی شان ،ملک کی عزت اور ملک کا وقار ہیں ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بعد پاک افواج کے جوان ملک کی حفاظت پر مامور ہیں جو شدید گرمی ،سردی اور حالات وجان کی پروہ کئے بغیر ملک کی سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام چند لمحوں ہی صحیح کم ازکم چین اور سکو ن کی نیند سو جاتے ہیں ۔

الطاف حسین نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں ،سماجی تنظیموں اورانسانی حقو ق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی حفاظت اوربقاء کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرآنہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے شہداء کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کیلئے جو بھی تعاون کر سکتے ہیں وہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک کی حفاظت اور دہشت گردو ں کا مقابلہ کر تے ہوئے ہزاروں جانوں کا نذرآنہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگواران کو صبر جمیل کی توفیق دے ۔آمین ، الطاف حسین زخمی ہونے والے جوانوں کیلئے بھی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔