بے بنیادالزامات پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی ،ایم کیو ایم،2 مئی کو سہ پہر تین بجے ایم کیوایم کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 1 مئی 2014 08:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں ایم کیوایم پر عائد کئے گئے تمام الزامات کو یکسرمسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایم کیوایم پر بے بنیادالزام لگانے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور مورخہ 2، مئی بروز جمعہ سہ پہر تین بجے ایم کیوایم کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں صحافی ولی خان بابرکے قتل ،صحافی علی چشتی کوتشددکانشانہ بنانے اوراینکر جیسمین منظور کودھمکیاں دینے اورایم کیوایم پرعائدکئے گئے دیگر الزامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی اور ان الزامات کوسراسربے بنیاد،من گھڑت اورحقائق کے برخلاف قراردیتے ہوئے کہاگیا کہ ایمنسٹی کی یہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ اورالزام تراشی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دوبرسوں کے دوران ایم کیوایم کے درجنوں کارکنان کو ان کے اہل خانہ کے سامنے گرفتارکرکے غیرقانونی حراست کے دوران انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،انہیں تشدد کا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل کردیا اور ان کی لاشیں سڑکوں پر پھینک دی گئیں ، اسی طرح درجنوں کارکنوں کوگرفتارکرکے لاپتہ کرکے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی گئی لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے یہ واقعات نظر نہیں آئے اور اس نے اپنی رپورٹ میں ان المناک واقعات کے بارے میں ایک لفظ تک شائع نہیں کیا ۔

سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس کے حوالہ سے فیصلہ میں صرف ایم کیوایم کوذمہ دارقرارنہیں دیاتھابلکہ سپریم کورٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی ، عوامی نیشنل پارٹی،پیپلزپارٹی اور سنی تحریک سمیت تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں کراچی میں امن وامان کی صورتحال کی ذمہ دار ہیں لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل کو سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ بھی دکھائی نہیں دیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ 22 برسوں سے ایمنسٹی انٹرنیشنل لاکھوں کروڑوں عوام کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو ظالم اور بے گناہ کارکنان وعوام کے قاتلوں کو مظلوم ثابت کرتی رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل مظلوموں کی نہیں بلکہ دنیا بھر کے چور، اچکوں، اسمگلروں ،جاگیرداروں ، وڈیروں ،کرپٹ حکمرانوں اورظالم طاقتوں کی ترجمان ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی گمراہ کن ، من گھڑت اور جھوٹی رپورٹ سے دنیا بھر میں ایم کیوایم کے چاہنے والے کروڑوں عوام کی دل آزاری ہوئی ہے اور اس پر عوامی احتجاج قطعی فطری ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم ، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی گمراہ کن رپورٹ اور ایم کیوایم پر عائد بے بنیاد الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی اورجمعہ کو سہ پہر تین بجے ایم کیوایم کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔