سعودی عرب‘ بیوی کو چہرے پر تھپڑ رسید کرنے کے الزام میں شوہر کو ایک دن قید کی سزا

جمعرات 1 مئی 2014 07:47

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں عدالت نے ایک شخص کو اپنی بیوی کو چہرے پر دو تھپڑ رسید کرنے کے الزام میں ایک دن قید کی سزا سنائی ہے۔سعودی گزٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق عدالت نے بیوی کے نجی حق سے متعلق دعوے کو مسترد کردیا ہے تاہم شوہر کو خبردار کیا ہے کہ وہ آیندہ کبھی اپنی بیوی کو نہ مارے۔بیوی نے عدالت میں دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ اس کے خاوند نے اسے شدید مارا پیٹا اور اس کے بائِیں کندھے پر ضرب لگائی ہے۔

(جاری ہے)

اس نے اپنے دعوے کے حق میں عدالت میں ایک میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی تھی۔ خاوند نے عدالت میں اپنی بیوی کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ اس نے اس کو کندھے پر ضرب لگائی ہے۔البتہ اس نے بیوی کو چہرے پر دو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا تھا۔اس سعودی خاتون کے وکیل اور جنرل پراسیکیوٹر نے عدالت کے فیصلے پر اعتراض کیا ہے لیکن جج نے انھیں اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے تیس دن کا وقت دیا ہے۔بیوی شاید اپنے شوہر نامدار کو سنائی گئی ایک دن قید کی سزا پر مطمئن نہیں ہے اور وہ اس کو زیادہ سزا دلوانا چاہتی ہے۔