مرسی کیخلاف بغاوت والے شکست کھائیں گے: مرشد عام اخوان

جمعرات 1 مئی 2014 07:49

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)خوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع نے اپنے سمیت683 دیگر اخوانیوں کو عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا پر تنقید کرتے ہوئے سخت پیرائے میں کہا ہے کہ اسلام پسند منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کرنے والے شکست کھائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مرشد عام نے یہ تبصرہ پیر کے روز عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا پر اس وقت کیا جب انہیں ایک اور مقدمے کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

انہیں بدھ کے روز بھی آہنی پنجرے میں بند کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ محمد بدیع آج جس مقدمے میں پیش کیے گئے اس میں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی سمیت اخوان کے بعض دیگر رہنماوں کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔عدالت میں پیشی کے موقع پر محمد بدیع نے کہا کہ میں نے اس ٹرائل کا سامنا نہیں کیا ، نہ مجھے پیش کیا گیا ہے، اس لیے کہتا ہوں فوج کی طرف سے جولائی 2013 میں کی گئی بغاوت واپس ہو گی۔

(جاری ہے)

عدالت میں پیشی کے موقع پر معزول صدر محمد مرسی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈھونگ ختم ہو جائے گا۔'' واضح رہے محمد مرسی کو تین مقدمات کا سامنا ہے۔محمد مرسی 3 جولائی 2013 سے قید ہیں، جبکہ مرشد عام 14 اگست 2013 کو سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاون کے دوران اپنے جواں سال بیٹے کی ہلاکت کے بعد حراست میں لیے گئے تھے۔ تب سے یہ دونوں اہم رہنما اخوان کے بقیہ ذمہ داران کے ساتھ جیلوں میں ہیں۔