عمران خان ”دھاندلی بخار“ کے دائمی مریض ہیں، رانا ثناء اللہ،انتخابات میں شکست کے بعد عمران خان کا سہانا سپنا ٹوٹ گیا‘ اب الیکشن سے گھبراتے ہیں،طاہرالقادری کی شاگردی مبارک ہو‘ اصغر خان بننے کا عمل طے کر لیا،صوبائی وزیر قانون

جمعرات 1 مئی 2014 07:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان ”دھاندلی بخار“ کے دائمی مریض ہیں۔ ضمنی انتخابات میں پے درپے شکستوں کے بعد اب الیکشن کے نام سے بھی گھبراتے ہیں۔ اپوزیشن رہنما خاطر جمع رکھیں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست سے عمران خان کا سہانا سپنا ٹوٹ گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت مزدور دوست ہے اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طاہرالقادری کی شاگردی مبارک۔ ان کے پاس طالبان کی نمائندگی کے بعد طاہر القادری کے ساتھ مل کر تحریک چلانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ مولانا کی صحبت میں رہ کر عمران خان نے اصغر خان بننے کا عمل بہت تیزی سے طے کر لیا ہے۔ اب 11 مئی کے بعد عمران خان طاہر القادری کے ساتھ کینیڈا میں مستقل سکونت اختیار کر لیں گے۔