چاند نظر آگیا، آج یکم رجب المرجب ہے ، مفتی منیب الرحمن

جمعرات 1 مئی 2014 07:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتیٴ اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج رجب المرجب 1435ئھ کا چاند نظر آگیاہے ، یکم رجب 1435ئھ جمعرات یکم مئی کو ہوگی ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی سے چیف منیجر اسپیس سپارکوغلام مرتضیٰ اور زونل کمیٹی سے مفتی سید صابر حسین ،قاری نذیر احمدنعیمی، مولاناحافظ محمد سلفی ،مولانا صابر نورانی، مولانا اسددیوبندی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے چیف میٹرولوجسٹ محکمہٴ موسمیات توصیف عالم نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔

ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کثیر شہادتیں موصول ہوئیں اور رویتِ ہلال کمیٹی کے ارکان نے خود بنفسِ نفیس چاند دیکھا ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم رجب 1435ئھ جمعرات یکم مئی کو ہوگی اور شبِ معراج 26مئی (پیر اور منگل کی درمیانی شب) کو ہوگی ۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔