قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ، اپنی تاحیات پابندی اور کرکٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،پی سی بی سے اپنی پابندی کے حوالے سے بات کی ،درخواست کی ہے کہ میرا معاملہ آئی سی سی سے اٹھایا جائے ، میرا دل بھی کرتا ہے کہ اپنی ٹیم کے لڑکوں کو کرکٹ سکھاؤں ، سلیم ملک

جمعرات 1 مئی 2014 07:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی کی جانب سے تاحیات پابندی کا شکار بیٹسمین سلیم ملک کی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات ، تاحیات پابندی اور کرکٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،پی سی بی سے درخواست کی کہ آئی سی سی سے تاحیات پابندی کے حوالے سے معاملہ اٹھایا جائے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم ملک کا کہنا تھا کہ اپنی پابندی کے حوالے سے آ ئی سی سی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی آئی سی سی کو درخواست دیکر اس معاملے پر غور کیلئے کہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے اپنی پابندی کے حوالے سے بات کرنے کیلئے آیا تھا پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ میرا تاحیات پابندی کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے اٹھائے اور پابندی ختم کرنے کیلئے درخواست کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ٹیموں کے کئی کھلاڑیوں کو ریلیف ملا ہے اور کئی کھلاڑی اپنی پابندی ختم کرا کے ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سلیم ملک کا کہنا ہے کہ دوسرے سینئر کھلاڑیوں کی طرح میرا دل بھی چاہتا ہے کہ میں بھی اپنی ٹیم کی کوچنگ کروں اور نئے آنے والے لڑکوں کو کرکٹ سکھاؤں ۔